سندھ حکومت کیساتھ چھیڑ چھاڑ کا ارادہ نہیں: شاہ محمود قریشی

Last Updated On 13 September,2019 12:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کیساتھ چھیڑ چھاڑ کا ارادہ نہیں، صوبائی خود مختاری پر آنچ نہیں آنے دیں گے، بار بار یہ تاثر نا دیا جائے کہ پاکستان میں تعصب کی لہر ہے، سندھو دیش کی باتیں کرنے والے پٹ جائیں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا پاکستان کا اور میرا موقف وہی ہے جو پوری قوم کا ہے، آج بھارت جتنا دفاعی پوزیشن میں دکھائی دے رہا ہے ماضی میں نہیں دکھائی دیا، سیکیورٹی کونسل میں بھارت کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا، بھارت کو سیکیورٹی کونسل میں جا کر لابنگ کرنی پڑے، او آئی سی میں بھارت کو سبکی کھانی پڑی، 58 ممالک نے پاکستان کے نقطفہ نظر کی توثیق کی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کل 4 امریکی سینیٹرز نے اپنے دستخط کیساتھ صدر ٹرمپ کو مسئلہ کشمیر میں مداخلت کیلئے خط لکھا ہے، یورپی یونین کی پارلیمنٹ کے ممبران نے آپ کے حق میں بات کی، 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں عمران خان پاکستان اور کشمیر کی آواز پیش کریں گے، سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکین کے ذہن میں کوئی تشویش نہیں ہونا چاہیے، آئین کا احترام تھا، ہے اور رہے گا، صوبائی خود مختاری پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔