اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے سپیکر کو لکھے گئے خط کا جواب بھیج دیا گیا ہے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے جوابی خط لکھا۔ خط سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ہدایت پر لکھا گیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پروڈکشن آرڈرز کے معاملے پر سپیکر غیر جانبدارانہ سوچ سے فیصلہ کرتے ہیں، سپیکر بحیثیت قومی اسمبلی کے کسٹودین اراکین کے حقوق کا تحفظ کرنے کے حوالے سے ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔
اسد قیصر کے خط میں کہا گیا ہے کہ سپیکر زیر حراست رکن کے خلاف درج شدہ کیس کی نوعیت کا بغور جائزہ لیتے ہیں۔ پروڈکشن آرڈر کا اجرا سپیکر کا صوابدیدی اختیار ہے، رکن اس کا مطالبہ نہیں کر سکتا۔ اسمبلی کے قواعد وضوابط کے مطابق سپیکر ضروری سمجھنے پر زیر حراست رکن کو اجلاس میں شرکت کے لیے طلب کر سکتا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پروڈکشن آرڈر کے اجراء سے متلعق آئینی گنجائش موجود نہیں۔ اگر زیر حراست رکن اسپیکر کی جانب سے پروڈکشن آرڈرز کے اجراء پر مطمئن نہیں تو اس سلسلہ میں عدالت سے رابطہ کرسکتا ہے۔