فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کو زیادہ نمبر دینے کی انکوائری

Last Updated On 13 September,2019 09:14 am

راولپنڈی: ( روزنامہ دنیا) صوبائی وزیر کالونیرز فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کو پریکٹیکل کے نمبر دینے کے معاملے پر چیئرمین تعلیمی بورڈ نے انکوائری کمیٹی قائم کر دی جس کی نگرانی گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج چکوال کے پرنسپل غلام محمد جھگڑ کو سونپی گئی ہے، 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ صوبائی وزیر کالونیز فیاض الحسن چوہان کے بیٹے فہد حسن نے رول نمبر759301 کے تحت انٹر میڈیٹ سالانہ امتحانات میں حصہ لیا اور 789 نمبرز کے ساتھ امتحان کو پاس کیا، بورڈ نے صوبائی وزیر کے بیٹے کے فزکس پریکٹیکل کے نمبروں میں سب ایگزامینر اور ہیڈ ایگزامینر کے دیئے ہوئے نمبروں میں فرق ہونے کا شبہ ہونے پر نتیجہ روک دیا۔

بعدازاں مبینہ طور پر مداخلت ہونے پر بورڈ حکام نے متعلقہ ہیڈ ایگزا مینر کو آفس بلا کر کٹنگ کا جواب طلب کیا اور پھر نتائج جاری کئے، ترجمان بورڈ ارسلان چیمہ نے بتایا کہ صوبائی وزیر نے خود چیئرمین کو درخواست بھجوائی ہے کہ وہ چھان بین کریں، چیئرمین خود بھی انکوائری کرانے کے حق میں تھے جس کی وجہ سے انکوائری کرائی جا رہی ہے تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔

دریں اثنا صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ میرے بیٹے کو بورڈ کے قوانین اور آئین کے مطابق نمبر دیئے گئے، حلفاً کہتا ہوں چیئرمین سمیت بورڈ کے کسی عہدیدار پر دباؤ نہیں ڈالا، میرے بھائی بریگیڈیئر ریاض راولپنڈی بورڈ کے چیئرمین کے امیدوار تھے، میں نے اپنے سگے بھائی کی سفارش کرنے سے انکار کیا، راجہ یاسر ہمایوں اور مومن علی آغا سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اس بات کے گواہ ہیں۔
 

Advertisement