لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے کوچ، چیف سلیکٹر اور سابق کپتان مصباح الحق ملکی کرکٹ کے گارڈ فادر ہیں۔ پاکستان میں کرکٹ کمیٹی میں شامل لوگوں نے مایوس کیا۔
کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ کو ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ 3 سال شاندار رہے لیکن جن لوگوں پر اعتماد کیا انہوں نے مایوس کیا، خاص طور پر کرکٹ کمیٹی میں شامل لوگوں نے مایوس کیا۔
سابق پاکستانی کوچ کا کہنا تھا کہ کرکٹ کمیٹی میں شامل مصباح اور وسیم اکرم کا نام میں نے تجویز کیا تھا، سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کو عالمی لیول پر بہت تجربہ ہے، اس لیے ان کا نام کرکٹ کمیٹی کے لیے تجویز کیا تھا جبکہ مصباح الحق پاکستان میں کرکٹ کے گارڈ فادر ہیں۔ اس کمیٹی میں پی سی بی کے نئے ایم ای ڈی وسیم خان، ہارون رشید، ذاکر خان، مدثر نذر اور سابق ویمن ٹیم کی کپتان عروج ممتاز بھی شامل تھیں۔
۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف کے معاہدوں میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد وہ پاکستان سے واپس وطن لوٹ گئے تھے۔
مارچ 2016ء میں پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے والے مکی آرتھر کے دور میں قومی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف اس کے ہوم گراﺅنڈز پر مسلسل دو سیریز ڈرا کیںجب کہ ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کی تاہم مجموعی طورپر ان کی کوچنگ میں 28میں سے محض 10ٹیسٹ جیتے اور17میں شکست کھائی جب کہ ایک ٹیسٹ ڈرا ہوا۔
ان کے دور میں قومی ٹیم نے2017ءمیں چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا کارنامہ بھی سر انجام دیا لیکن ان کی کوچنگ کے آخری دو سالوں میں گرین شرٹس نے 66 میں سے صرف 29 ون ڈے جیتے اور 34 میں شکست کھائی جبکہ 3 میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے۔
انٹرویو کے دوران ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں گزرے تین سال بہت شاندار اور یادگار لمحات والے تھے، میں بہت مایوس ہوا کیونکہ میں نے اپنے کوچنگ کے دوران اپنے عہدہ سے ہر سکینڈ دلی لگاؤ رکھا۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ مجھے یقینی طور پر ایک موقع دیا جانا چاہیے تھا عہدے سے ہٹنے کے بعد میرے پاس بہت سارے سوالات تھے جو پوچھنے تھے، لیکن اس کے باوجود میں بہت خوش ہوں جو وقت میں نے پاکستان میں گزارا وہ بہت شاندار وقت تھا۔ لیکن اب میری نظریں مستقبل پر ہیں، میں نیوزی لینڈ کی ڈومیسٹک ٹیم کو اب وقت دینا چاہتا ہوں۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد فارغ کیے جانے والے پاکستان ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو نیوزی لینڈ میں نئی مصروفیت مل گئی ہے۔ آرتھر نیوزی لینڈ میں سپر سمیش ٹی ٹوئنٹی کی ٹیم سینٹرل اسٹیج کی کوچنگ کریں گے۔
مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ کیویز کرکٹ کے حوالے سے ہمیشہ پرجوش رہا ہوں، یہاں کا سسٹم بہترین ہے، چیمپئن سینٹر اسٹیج کو اعزاز کے دفاع کے لئے تیار کروں گا۔ سمیش ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ دسمبر میں شروع ہونے سے قبل سنبھالوں گا۔