کراچی: (دنیا نیوز) دورہ آسٹریلیا کے دوران ٹیسٹ ٹیم سے سرفراز احمد کی قیادت سمیت پلینگ الیون سے چھٹی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، کپتانی کے مضبوط امیدواروں کیلئے اظہر علی اور شان مسعود سامنے آ گئے۔
دنیا نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ نے فیصل آباد میں جاری ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے دوران ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم کی تشکیل کا لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی، قومی ٹیم نے آسٹریلیا کے دو ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔
گرین شرٹس کی 27 اکتوبر کو سڈنی روانگی کا پلان ہے، دورے کے پہلے مرحلے میں پاکستان، آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی میچز ہوں گے جسکے بعد آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کیلئے دو ٹیسٹ میچز بھی کھیلنا ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹرمصباح الحق کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی نے دورہ کیلئے کھلاڑیوں کے انتخاب پر مشاورت شروع کر دی۔ پی سی بی حکام نے آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کے لیے سرفراز احمد کی جگہ نیا کپتان لانے پر اتفاق کیا ہے۔ سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کے ساتھ قومی ٹیم کے اوپنر شان مسعود بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ابو ظہبی میں ون ڈے کرکٹ میں دو سنچریاں بنانے والے وکٹ کیپر محمدرضوان کو نائب کپتان کے طور پر گروم کرنے کی پلاننگ کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مصباح الحق اظہر علی کو عہدے لیے موزوں سمجھتے ہیں تاہم بورڈ کی اعلی شخصیت کے نزدیک شان مسعود کو قیادت سونپنا زیادہ فائدہ مند ہو گا لیکن ان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ قومی ٹی ٹورنامنٹ کے دوران ناقص کارکردگی کے باعث ان کا کیس کمزور پڑ جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شان مسعود کا مستقل طور پر ٹیسٹ ٹیم کا رکن نہ ہونا بھی انتخاب میں رکاوٹ بن سکتا ہے، اظہر علی کو قیادت کا تاج پہنائے جانے کا زیادہ امکان دکھائی دے رہا ہے۔