قومی ٹی ٹونٹی: بلوچستان نے سدرن پنجاب کے جبڑے سے فتح چھین لی

Last Updated On 23 October,2019 11:43 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹی ٹونٹی کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بلوچستان نے سدرن پنجاب کے جبڑے سے فتح چھین لی، فاتح ٹیم فائنل میں ناردرن کیساتھ ٹکرائے گی۔

 بلوچستان کی طرف سے 20 میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا گیا، سدرن پنجاب کی طرف سے اننگز کا آغاز عمر صدیق اور شان مسعود نے کیا، دونوں اوپنرز قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے۔ عمر صدیق 6، شان مسعود 14 گیندوں پر 10 رنز کی اننگز کھیلی۔

بعد میں آنے والے سینئر پلیئرز شعیب ملک اور محمد حفیظ نے حریف باؤلنگ کو تگنی کا ناچ نچاتے ہوئے جارحانہ بیٹنگ کی اور وکٹ کے چاروں اطراف خوبصورت شارٹس کھیلے، دونوں آل راؤنڈرز نے ففٹیاں بنائیں۔

حفیظ نے 41 گیندوں پر 65 رنز بنائے، اس اننگز میں انہوں نے 9 چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ شعیب ملک نے 40 گیندوں پر 64 سکور بنائے ، سٹار آل راؤنڈر نے 6 چوکے اور دو بلند و بالا چھکے لگائے۔ عامر یامین نے 12 گیندوں پر 13 رنز بنائے۔

 سدرن پنجاب نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے، علی شفیق نے دو، عاکف جاوید، یاسر شاہ اور حسین طلعت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کی طرف سے اننگز کا آغاز امام الحق اور اویس ضیاء نے کیا، 11 کے مجموعی سکور پر امام الحق 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، محمد عرفان نے ان کی وکٹ حاصل کی، اس دوران اویس ضیاء نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا۔

بلوچستان کو دوسرا نقصان 22 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب ون ڈاؤن بیٹسمین بسم اللہ خان 22 کے مجموعی سکور پر چلتے بنے، زاہد محمود نے ان کی وکٹ حاصل کی، عمران فرحت بھی 17 گیندوں پر 20 رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر سٹیمپ آؤٹ ہو گئے۔

 

حارث سہیل 19 گیندوں پر 22 رنز بنائے، وہاب ریاض کی شاندار گیند پر بولڈ ہو گئے، حسین طلعت نے 29 گیندوں پر 42 رنز کی جارحانہ بیٹنگ کھیلی، تاہم فاسٹ باؤل وہاب ریاض نے ان کو بھی ٹھکانے لگا دیا۔

آخری اوورز میں بلوچستان کی ٹیم کو 18 رنز درکار تھے، ہدف کے تعاقب میں کھیلنے والی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد بٹ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے عمید آصف کو 18 رنز جڑ دیئے، آخری اوورز میں انہوں نے 2 چوکے اور 2 چھکا لگائے، وہاب ریاض نے 2، زاہد محمود، عامر یامین، محمد عرفان سینئر، محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔