قومی ٹی ٹونٹی : ناردرن خیبرپختونخوا کو پچھاڑ کر فائنل میں پہنچ گئی

Last Updated On 23 October,2019 09:42 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ناردرن نے سنسنی خیز میچ کے بعد پختونخوا کو 3 رنز سے پچھاڑ دیا اور ٹیم فائنل میں پہنچ گئی۔

خیبر پختونخوا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، ناردرن کی طرف سے اننگز کا آغاز عمر امین اور علی عمران نے کیا اس بار بھی علی عمران بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 16 کے مجموعی سکور پر 8 رنز بنا کر عثمان خان شنواری کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔ اس سے اگلے اوور میں فاسٹ باؤلر جنید خان نے سہیل اختر کو پہلی ہی گیند پر پویلین بھیج دیا۔

اس دوران روحیل نذیر اور عمر امین نے ٹیم کو سہارا دیا اور سکور کو آگے بڑھایا، دونوں نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف خوبصورت شارٹس کھیلے، مڈل آرڈر بیٹسمین روحیل 21 گیندوں پر 21 سکور بنا کر مصدق احمد کی گیند پر افتخار احمد کو کیچ دے بیٹھے۔ 13 اوورز میں 92 کے مجموعی سکور پر عمر امین 33 گیندوں پر 41 رنز بنا کر عثمان خان شنواری کا شکار بن گئے۔

قومی ٹیم کے ہارڈ ہٹر بیٹسمین آصف علی نے ایک مرتبہ پھر جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 16 گیندوں پر 28 رنز بنائے، محمد نواز 12، عماد وسیم 9، شاداب خان 16، سہیل تنویر1 سکور بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ناردرن نے مقررہ اوورز میں 148 رنز بنائے۔ عثمان خان شنواری نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ عمران خان جونیئر 2، مصدق احمد، جنید خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

 ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کا آغاز بھی اچھا نہ تھا، صاحبزادہ فرحان صفر پر پہلے ہی اوور میں سہیل تنویر کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، فخر زمان نے جارحانہ انداز اپنایا اور سکور آگے بڑھایا، تاہم اس دوران کپتان محمد رضوان محمد عامر کی شاندار گیند پر بولڈ ہو گئے، انہوں نے 15 رنز بنائے۔

افتخار احمد اور فخر زمان کے درمیان 66 رنز کی اچھی پارٹنر شپ بنی، فخر زمان 39 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے، خوشدل شاہ نے کی باری 22 تک محدود رہی، اس دوران افتخاراحمد ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے، بیٹسمین نے 44 گیندوں پر 53 رنز کی باری کھیلی۔

حارث رؤف نے شاندار آخری اوور کرایا اور ہیٹ ٹرک کی۔ ہدف کے تعاقب میں کے پی کے کی ٹیم 145 رنز پر ہمت ہار گئی۔ حارث رؤف3، سہیل تنویر 2، محمد عامر اور عماد وسیم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔