لاہور: (دنیا نیوز) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے 4 رکنی سکیورٹی وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا، ایئرپورٹ اور سٹیڈیم کے روٹس سمیت ہوٹل اور پارکنگ پر بریفنگ دی گئی۔
قذافی سٹیڈیم میں انٹرنیشنل کرکٹ کی رونقیں بحال کرنے سے پہلے بنگلا دیشی سکیورٹی وفد نے انٹری ڈالی، چار رکنی مہمان وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا بھی دورہ کیا، پولیس سمیت دیگر حکام نے مہمانوں کو بریفنگ دی۔
بنگلا دیشی سکیورٹی وفد کو ائیر پورٹ و سٹیڈیم روٹس، ہوٹلز، پارکنگ، پولیس فورس کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے متعلق بھی بتایا گیا، بنگلہ دیشی سکیورٹی وفد کیمروں کی مدد سے مانیڑنگ دیکھ کر متاثر ہوا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بنگلا دیش مہمان وفد نے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا تھا۔ ڈائریکٹرانٹرنیشنل کرکٹ ذاکرخان کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تفصیلی بریفنگ دی، امید ہے سنیئر ٹیم بھی دورے پر آئے گی۔
ذرائع کے مطابق ڈریسنگ روم سمیت انکلوژر اور گراؤنڈ کا وزٹ کیا، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکرخان کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے بنگلہ دیس ویمن ٹیم پاکستان آئے گی، لاہور میں بریفنگ کے بعد اپنی رپورٹ دیں گے۔