قومی ٹی ٹونٹی: ڈک ورتھ لوئس کے تحت ناردرن نے کے پی کے کو ہرا دیا

Last Updated On 20 October,2019 10:02 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹی ٹونٹی کپےکے 12 ویں میچ میں ناردرن ڈک ورتھ لوئس کے تحت کے پی کے کو ہرا دیا۔ شاندار باؤلنگ پر موسیٰ خان مرد میدان قرار پائے۔

قومی ٹی ٹونٹی کپ کے 12 میچ میں ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، کے پی کے کی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور اسرار اللہ نے کیا، تاہم خیبرپختونخوا کی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا، نوجوان فاسٹ باؤلر موسیٰ خان نے حریف ٹیموں کا ٹاپ آرڈر تہس نہس کر دیا۔

موسیٰ خان نے فخر زمان کو 3، اسرار اللہ کو1 جبکہ عادل امین کو 3 رنز پر پویلین بھیج دیا، خوشدل شاہ نے 13 گیندوں پر 22 رنز بنائے اور شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ تاہم اس دوران کپتان محمد رضوان نے مزاحمتی اننگز کھیلی۔

 

مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد نے 20 گیندوں پر 31 رنز بنائے اور سہیل تنویر کی گیند پر علی عمران کو کیچ دے بیٹھے۔ محمد محسن پہلی ہی گیند پر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ مصداق احمد نے 16 رنز کی باری کھیلی۔

کپتان محمد رضوان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 35 گیندوں پر 52 رنز کی شاندار باری کھیلی، ان کی اس اننگز میں 7 چوکے شامل تھے، وکٹ کیپر بیٹسمین نے موسیٰ خان کی گیند پر شاداب خان کو کیچ دے دیا۔

بارش سے متاثرہ میچ میں کے پی کے نے 16 اوورز میں 134 رنز بنائے، موسیٰ خان نے چار شکار کیے، سہیل تنویر، حارث رؤف، شاداب خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

ہدف کے تعاقب میں ناردرن کی طرف سے اننگز کا آغاز عمر امین اور علی عمران نے کیا، آغاز میں دونوں بیٹسمینوں نے اچھا آغاز فراہم کیا اور 72 رنز کی شاندار پارٹنر شپ بنائی۔

علی عمران 23 گیندوں پر 34 رنز بنا کر فاسٹ باؤلر جنید خان کا شکار بن گئے، افتخار احمد نے کیچ تھاما، اسی اوور میں فاسٹ باؤلر نے عمر امین کو پویلین بھیج دیا، لیفٹ ہینڈ بیٹسمین نے 28گیندوں پر 39 رنز بنائے، ان کی اس باری میں 6 چوکے شامل تھے۔

 

ناردرن کو تیسرا نقصان ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے والے آصف علی کا اٹھانا پڑا، ہارڈ ہٹر بیٹسمین 9 گیندوں پر 15 رنز بنائے اور عثمان خان شنواری کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

ناردرن نے 11.3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 102 رنز بنائے تھے کہ ایک مرتبہ پھر بارش شروع ہو گئی جس کے بعد میچ ختم کر کے ڈک ورتھ لوئس کے تحت فیصلہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کھیلے جانے والے 11 ویں میچ کو بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا، یہ میچ پنجاب کی دونوں ٹیمیں سینٹرل اور سدرن کے درمیان کھیلا جانا تھا، تاہم زیادہ بارش کے باعث میچ میں ایک اوور بھی نہ ہو سکا۔