پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہرا دیا

Last Updated On 26 October,2019 05:34 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے پہلی ٹی ٹونٹی میچ میں مہمان ٹیم بنگلہ دیش کو 14 رنز سے ہرا دیا۔ تین میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کو 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستانی ویمن ٹیم نے پہلے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، سدرہ امین اور جویریہ نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکیں، سدرہ 4، جویریہ خان 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔

اس دوران بسمہ معروف اور عمائمہ سہیل نے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا، بسمہ نے 29 گیندوں پر 34 جبکہ عمائمہ 36 گیندوں پر 33 رنز بنا سکیں۔ دونوں کے درمیان پچاس سے زائد رنز کی پارٹنر شپ بنی۔

عالیہ ریاض 7بنا کر پویلین لوٹ گئیں، ارم جاوید نے 17 گیندوں پر 21 رنز بنائے جس میں دو بلند و بالا چھکے بھی شامل تھے، سدرہ نواز نے 4 گیندوں پر 16 سکور کی باری کھیلی۔

قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 126 رنز بنائے، جہان آرا عالم نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ پانا گھوش، لتا موندل، رومانا احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم کا آغاز بھی اچھا نہ تھا، 40 کے مجموعی سکور پر تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے، شمائمہ سلطانہ 4، عائشہ رحمن 1، سنجیدہ اسلام نے 14 رنز بنائے۔

نگار سلطانہ 17 سکور بنا کر کائنات امتیاز کی گیند پر آؤٹ ہو گئیں۔ رومانہ احمد نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کا سکور آگے بڑھایا تاہم اکیلی میچ کو فتح کی جانب نہیں لے جا سکیں، بیٹسویمن نے 50 رنز کی باری کھیلی۔

دیگر بیٹسویمن قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے اور مقررہ اوورز میں 112 پر ڈھیر ہو گئی۔ انعم امین نے دو شکار کیے، ڈیانا بیگ، عالیہ ریاض، سدرہ اقبال، کائنات امتیاز، بسمہ معروف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔