لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان اور پاکستانی رنز مشین بابر اعظم کا کہنا ہے کہ دورۂ آسٹریلیا کے لیے جانتا ہوں نوجوان پلیئرز کو کھلایا جائے گا۔ سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔
دورۂ آسٹریلیا کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد بھی یہی ہے کہ دورہ کے دوران جیسے کینگروز ٹیم کھیلتی ہے ہم بھی ویسے ہی کھیلیں۔ اس ٹور میں ہم جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔
ٹیم کے حوالے سے پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم بہت بہترین ہے، سکواڈ میں نوجوانوں کو موقع دیا گیا ہے، نوجوان فاسٹ باؤلرز حریف کیلئے ترنوالہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
فاسٹ باؤلر محمد عرفان کے حوالے سے بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹیم میں محمد عرفان بھائی واپس آئے ہیں، ان کے ساتھ محمد عامر اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ ہیں جس سے باؤلنگ اٹیک کافی مضبوط بن چکا ہے۔ باؤلنگ کمبی نیشن بہتر ہے۔
Pakistan’s T20I captain @babarazam258 previews series against Australia pic.twitter.com/gzOnIDXsjc
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 25, 2019
فاسٹ باؤلر محمد موسیٰ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پاکستانی رنز مشین کا کہنا تھا کہ جیسی نوجوان فاسٹ باؤلرز کی گیند ہے اور اچھی گیند کرتے ہیں تو دورہ آسٹریلیا کے دوران وہاں کی پچز ان کیلئے فائدہ مند ہو گی۔
عثمان قادر کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لیگ سپنر پہلے ہی کینگروز کے دیس میں کھیل چکے ہیں، بگ بیش ، ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی شاندار کارکردگی دکھا چکا ہے، سپنر کو وہاں کی مقامی کنڈیشنز کا پتہ ہے اس لیے وہ ہماری ٹیم میں حریف کیلئے سرپرائز پیکیج ثابت ہو سکتے ہیں تاہم مرکزی سپنر شاداب خان اور عماد وسیم ہیں تاہم موقع پر ہی انہیں وہاں کھلانا کا سوچیں گے۔
بیٹسمین خوشدل شاہ کے بارے میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ لیفٹ ہینڈ بیٹسمین کی پاور ہٹنگ کافی اچھی ہے، اس کی سب سے اچھی بات کہ وہ میچ کے حساب سے بیٹنگ کرتا ہے، ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے دوران بھی انہوں نے اس بات کو سچ ثابت کر کے دکھایا۔
ٹی ٹونٹی کی کپتانی کے بارے میں پاکستانی قائد کا کہنا تھا کہ میرے لیے بہت بڑا ٹور ہے، کیونکہ پہلی بار کپتانی کی ذمہ داری میرے کندھے پر پڑی ہے، کوشش کروں گا کہ ٹور کے دوران اپنی 100 فیصد کارکردگی دکھاؤں۔ یہی تسلسل کپتانی کے علاوہ بیٹنگ میں بھی نظر آئے گا۔
مداحوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ سب کو پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیے، ہار جیت گیم کا حصہ ہے، دورے کے دوران 110 فیصد کارکردگی دکھائیں گے، باقی رزلٹ اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔
دوسری طرف قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلیے ٹیم میں جونیئرز اور سینئرز کا امتزاج ہے اور اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔ 12 سال قبل اسی سٹیڈیم میچ دیکھنے کیلیے آیا، اب یہاں بطور کپتان قومی ٹیم موجود ہوں، آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلیے ٹیم میں جونیئرز اور سینئرز کا امتزاج ہے، اچھی کرکٹ کھیلیں اور جیتیں گے، ٹیم کا انتخاب سلیکشن کمیٹی کا کام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک اور جونیئرسطح پر کپتانی کی، سینٹرل پنجاب ٹیم کو بولنگ کی وجہ سے شکستیں ہوئیں، کپتانی کی وجہ سے ذمہ داری بڑھ گئی، صلاحیتوں سے انصاف کرنے کی کوشش کروں گا، ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں انفرادی کارکردگی کا گراف نہیں اپنی اور ٹیم کی پرفارمنس دونوں پر توجہ دوں گا۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں پچز پر باؤنس ہوگا، تیاری کرلی ہے، ہماری پیس بیٹری بھی اچھی ہے، محمد عامر کیساتھ پرجوش پیسرز محمد موسی اور محمد حسنین بھی موجود ہوں گے، آسٹریلوی کنڈیشنز میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تیاریوں کا موقع ملے گا، امام الحق بیک اپ میں ہوں گے۔ فخرزمان کیساتھ اننگز کا آغاز خود کروں گا۔