شکیب الحسن پر 2 سالہ پابندی دیگر کرکٹرز کیلئے سبق ہے، رمیض راجہ

Last Updated On 30 October,2019 03:22 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) بنگلا دیشی کرکٹر شکیب الحسن کے کرپشن پر مبنی پیشکش رپورٹ نہ کرنے کا اعتراف کرنے کی دیر تھی کہ دنیا بھر کے میڈیا نے اس خبر کو نمایاں سرخیوں کیساتھ شائع کیا، تادیبی کارروائی کے طور پر بنگالی شیر پر کرکٹ کھیلنے کی 2 سالہ پابندی عائد کر دی گئی۔

بنگلہ دیشی آل راؤنڈر پابندی کے سبب اگلے سال آسٹریلیا میں شروع ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور آئی پی ایل (انڈین پریمئر لیگ) نہیں کھیل سکیں گے، سابق پاکستانی کرکٹر رمیض راجہ نے شکیب الحسن کو قوانین سے ہٹ کر معاملات نمٹانے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

رمیض راجہ کا ٹویٹر پیغام میں کہنا تھا کہ "شکیب پر پابندی تمام کھلاڑیوں کیلئے سبق ہے، اگر کوئی کرکٹ کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس کا وقار ملحوظ خاطر نہیں رکھتا تو اس کو خمیازہ بھگتنے کیلئے تیار رہنا چاہئے، صد افسوس۔"

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے شکیب الحسن پر انٹی کرپشن کوڈ کی تین شقوں کی خلاف ورزی کرنے پر دو سال کی پابندی عائد کی ہے، یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بنگلا دیشی کرکٹر نے ان الزامات کو تسلیم کر لیا ہے۔