لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ میں پہلے سے ہی سیاست میں ہوں، سیاستدانوں کا کام لوگوں کی خدمت کرنا ہے، میں بھی وہی کام کر رہا ہوں۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم سب نے مل کر انسانیت کی خدمت کرنا ہے، پاکستان کی خدمت اور اس مقصد کیلئے نوجوان میرا ساتھ دیں۔
لاہور میں تعلیم ہوگی عام، ہر بیٹی کے نام کے موضوع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں سڑک پر بچے کی پیدائش ہو رہی ہوتی ہے۔ چاہتا ہوں پاکستانی نوجوان نسل میرے ساتھ ہو۔ یہ اکیسویں صدی کا پاکستان ہے جہاں انسان اور جانور اب بھی ایک ہی جگہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسائل کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے، ہمیں متحد ہوکر اس کو مثالی ملک بنانا ہوگا۔ دو کروڑ سے زیادہ بچے تعلیم سے محروم ہیں انہیں اسکول لانا ہدف ہے۔ ہماری ثقافت اور دین بہت خوبصورت ہے۔ انسانیت سے پیار سب سے بڑی ڈگری ہے۔ والدین کی طرح اساتذہ کی بھی عزت کریں۔
مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ چاہتا ہوں کشمیری اپنا ملک بنائیں، مقبوضہ وادی میں ظلم کی انتہا ہو رہی ہے۔
سابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ دورہ آسٹریلیا پر تیز رفتار باؤلر ہونا ضروری ہیں، دعا ہے بابر اعظم اور مصباح الحق دورہ آسٹریلیا پر کامیاب ہوں۔