دوسرا ٹی ٹونٹی: آسٹریلیا نے پاکستان کو باآسانی ہرا دیا

Last Updated On 05 November,2019 10:36 pm

کینبرا: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے دوسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کو با آسانی ہرا دیا۔ تین میچز کی سیریز میں میزبان ٹیم کو 1-0 سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا، ٹی ٹونٹی کپتان نے اس بار شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور وکٹ کے چاروں اطراف شاندار شارٹس کھیلے تاہم اوپنر فخر زمان دوسری اننگز میں بھی ناکام نظر آئے اور7 گیندوں پر 2 رنز بنا کرکمنز کی گنید پر وارنر کو کیچ دے بیٹھے۔

حارث سہیل بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، انہوں نے 9 گیندوں پر 6 رنز بنائے اور رچرڈسن کی گیند پر انہیں کیچ دیدیا، وکٹ کیپر محمد رضوان کی اننگز 14 رنز تک محدود رہی جبکہ ہارڈ ہٹر آصف علی بھی اس بار ناکام رہے اور 4 سکور پر ایشٹن اگر کا نشانہ بن گئے۔

 

اس دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد اور بابر اعظم نے سکور آگے بڑھایا اور دونوں نے نصف سنچریاں بنائیں، کپتان 38 گیندوں پر 50 رنز بنا کر وارنر کی شاندار تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے، اس اننگز میں انہوں نے چھ چوکے جڑے۔ عماد وسیم 11 رنز بنا رن آؤٹ ہوئے۔

 

دوسرے اینڈ پر موجود افتخار احمد نے جارحانہ اننگز کھیل کر سکور کو آگے بڑھایا اور 34 گیندوں پر 62 رنز کی شاندار باری کھیلی، اس اننگز میں انہوں نے تین چھکے اور پانچ چوکے لگائے۔ قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 150 رنز بنائے۔ ایشٹن اگر نے 2، کمنز، رچرڈسن 1.1وکٹ حاصل کر سکے۔

ہدف کے تعاقب میں کینگروز کی طرف سے اننگز کا آغاز رنز مشین ڈیوڈ وارنر اور کپتان ایرون فنچ نے کیا، دونوں نے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپنایا، تاہم محمد عامر کی شاندار گیند پر وارنر 20 رنز پر بولڈ ہو گئے۔

کپتان فنچ کو محمد عرفان نے ٹھکانے لگایا، انہوں نے 17 رنز بنائے، میکڈرمٹ 22 گیندوں پر 21 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

اس دوران سابق کپتان اسٹیو سمتھ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے فتح میں اہم کردار ادا کیا اور نصف سنچری بنائی۔ یہ ان کے کیریئر کی چوتھی نصف سنچری تھی اور 80 رنز کی اننگز کھیلی۔ میزبان ٹیم نے ہدف 19 اوورز میں مکمل کیا۔

گرین شرٹس کی طرف سے عرفان، عماد وسیم اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سٹیو سمتھ مرد میدان قرار پائے۔