برسبین: (ویب ڈیسک)آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے کا عزم لیے قومی ٹیم پریکٹس میں مصروف ہے۔ پریکٹس کے دوران کوچ مصباح الحق نے بیٹسمینوں کو خصوصی ٹپس دیں۔
قومی ٹیم کی گابا ٹیسٹ کے لیے برسبین میں پریکٹس کا دوسرا روز ہے، ہیڈکوچ مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو بیٹنگ کی ٹپس دیں، جبکہ نیٹس میں قومی بلے بازوں نے جم کر پریکٹس کی۔
پریکٹس سیشن کے دوران عابدعلی کو بھی وکٹ کیپنگ کی مشقیں کرائی گئیں، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کینگروز کے پہلے ٹیسٹ کے دوران محمد رضوان کی جگہ اوپنر وکٹ کے عقب کیپنگ کرتے نظر آئینگے۔
دوسری طرف قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلرز نے بھی خوب پسینہ بہایا اور حریف کھلاڑیوں کو ٹف ٹائم دینے کے لیے لائن لینتھ پر توجہ مرکوز کرلی۔ فاسٹ باؤلر عمران خان توجہ کا مرکز رہے انہوں نے باؤلنگ کوچ وقار یونس کی زیر تربیت کافی دیر تک باؤلنگ کی۔
آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، ٹیم میں کپتان ٹم پین، ڈیوڈ وارنر، سٹیو سمتھ، مچل سٹارک، کیمرون بینکروفٹ، جوبرنز، پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، لبوشین، نیتھن لائن، مائیکل نیسر، جیمز پیٹنسن اور میتھیو ویڈ بھی سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ پہلا ٹیسٹ میچ جمعرات سے کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔