ویمنز سیریز: انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرا ٹی ٹونٹی ہرا دیا

Last Updated On 19 December,2019 08:54 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو 84 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

کنرارا اوول ملائیشیا میں کھیلے جانے والے میچ میں مہمان ٹیم کی کپتان ہیتھر نائب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی اوپنر ایمی جونز اور ڈینی وایٹ نے اننگز کا آغاز سے ہی میزبان باؤلرز کے خلاف جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

دونوں ہیٹرز کے درمیان 68 گیندوں پر 120 رنز کی شراکت نے میچ میں انگلینڈ کی پوزیشن مستحکم کر دی۔

ایمی جونز نے 52گیندوں پر 11 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 89 رنزکی اننگز کھیلی جبکہ ڈینی وایٹ 36 گیندوں پر 55 رنز بنا کر پویلین واپس گئیں۔ دونوں کے بعد کوئی ویمنز کھلاڑی بڑی اننگز نہ کھیل سکی۔

انگلینڈ ٹیم نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے، انعم امین اور ندا ڈار نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی بیٹرز ایک بار پھر متاثر کن کھیل کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہیں، مڈل آرڈر بیٹسمویمن ارم جاوید کے علاوہ کوئی بیٹسویمن بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکی۔

قومی خواتین ٹیم کی صرف تین کرکٹرز ڈبل فگر میں داخل ہو سکیں، ارم جاوید نے ایک چوکے اور چار چھکوں کی بدولت 38 رنز کی اننگز کھیلی، عالیہ ریاض 16 اور جویریہ خان 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔

میزبان ٹیم بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز ہی بنا سکی۔ انگلینڈ کی طرف سے ایکلے اسٹون، کیتھرین برنٹ اور میڈی ویلیئرز نے 2.2 وکٹیں حاصل کیں۔

ایمی جونز کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا میچ 20 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔