لاہور میرا شہر اور گھر، پی ایس ایل کھیلنے کے لیے پر جوش ہوں: عمران طاہر

Last Updated On 17 February,2020 06:46 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے ہر دلعزیز شہر لاہور میں پیدا ہونے والے پاکستانی نژاد جنوبی افریقی کھلاڑی عمران طاہر کا کہنا ہے کہ لاہور میرا شہر اور میرا گھر ہے، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران کھیلنے کے لیے بہت پر جوش ہوں۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی نژاد جنوبی افریقی کرکٹر عمران طاہر نے کہا کہ 2017میں ورلڈ الیون کے ساتھ دورہ کیا اور یہاں کھیلنے کا موقع ملا، اس کے بعد پہلا موقع ہے کہ میں اپنے شہر اور اپنے گھر میں کھیل رہا ہوں اس لیے اس کا تو اپنا مزہ ہے۔

عمران طاہر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سپر لیگ ہو رہی ہے، یہاں پلا بڑھا ہوں یہاں کھیلنا فخر کی بات ہے، ورلڈ الیون کے بعد اب میری فیملی مجھے یہاں براہ راست کھیلتا ہوا دیکھے گی۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا مکمل ایڈیشن پاکستان میں ہونا خوش آئند ہے، اپنے ملک کا برانڈ اپنے ملک میں ہونا چاہیے کیونکہ اس سے کرکٹرز کو فائدہ ہوتا ہے، سپانسر شپ کے معاہدے زیادہ ہوتے ہیں اور لوگوں کو بڑی تعداد میں روزگار ملتا ہے۔

لیگ سپنر کا مزید کہنا تھا کہ یقین اس بات پر ہے کہ پوائنٹس ٹیبل کے بجائے تسلسل کے ساتھ کھیلیں، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، آپ کا کا کام محنت کرنا ہے، اس کا صلہ اللہ نے دینا ہے۔

عمران طاہر کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کے پاس نوجوان کھلاڑی ہیں جو کہ باصلاحیت ہیں، نوجوان ٹیلنٹ کے ساتھ ہمارے پاس لیجنڈری شاہد آفریدی بھی ہیں، ایسے کرکٹرز کا ہونا بہت مفید ثانت ہوتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا انفرادی نہیں ٹیم کی جیت کا ٹارگٹ ہے، اپنے روایتی انداز کا جشن منانے کے لیے مجھے وکٹیں لینا ہوں گی، اگر وکٹیں لوں گا تو ضرور اس کے بعد گراونڈ میں اپنے انداز میں جشن مناؤں گا کیونکہ کرکٹ میرا جذبہ ہے جو کم نہیں ہو سکتا، محنت کر رہے ہیں لیکن نتائج ہمارے ہاتھ میں نہیں ہیں۔
 

Advertisement