پاک بنگلا دیش ون ڈے میچ کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا

Last Updated On 04 March,2020 05:14 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل واحد ایک روزہ میچ کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے پاک بنگلا دیش ون ڈے میچ کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے، شیڈول میں تبدیلی کی درخواست مہمان بورڈ نے کی تھی۔

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ کھلاڑیوں کو کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے لیے کراچی ٹیسٹ سے قبل پریکٹس کے لیے مزید کچھ روز کاوقت دیا جائے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول ٹیسٹ میچ 5 اپریل سے شروع ہوگا۔

نئے شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین واحد ایک روزہ میچ یکم اپریل کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں نے 3 اپریل کو اسی مقام پر ایک روزہ میچ کھیلنا تھا۔مہمان ٹیم اب 29 مارچ کو بنگلا دیش سے کراچی پہنچے گی۔

آئی سی سی ایک روزہ ٹیم رینکنگ میں پاکستان چھٹے اور بنگلہ دیش ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 12 پوائنٹس کا فرق ہے۔

ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈمہمانوں کے ساتھ تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار رہتا ہے، لہٰذا پی سی بی اب زیادہ عرصے کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی کراچی میں میزبانی کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچز کے آغاز سے قبل ہی مداحوں کا جوش و خروش دیدنی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ اس دوران شائقینِ کرکٹ کو اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان نے راولپنڈی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ایک اننگز اور 44 رنز سے جیتا تھا۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان فی الحال پانچ ٹیسٹ میچز کھیلنے کے بعد140 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔کراچی ٹیسٹ میں کامیابی پاکستان کو پوائنٹس ٹیبل پر نیوز ی لینڈ اور انگلینڈ سے اوپر لے جائے گی۔دونوں ٹیمیں بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

فی الحال پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 360 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اورآسٹریلیا 296 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔ آئی سی سی ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے پوائنٹس ٹیبل یہاں موجود ہے۔