لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے دوسرے مرحلے کے دوران 18 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دیدی۔ ایونٹ کے دوران مسلسل دوسری بار پشاور نے سرفراز الیون کو زیر کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے دوسرے مرحلے کے دوران راولپنڈی میں ہونے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور حریف ٹیم پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بارش کے باعث میچ کو 15.15 اوورز تک محدود رکھا گیا۔
راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ کے 18 ویں میچ میں پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز امام الحق اور وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے کیا۔
پشاور زلمی کو پہلا نقصان 9 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب امام الحق غیر ذمہ دارانہ شارٹ کھیلتے ہوئے 7 رنز بنا کر سہیل خان کا شکار بن گئے۔
کامران اکمل 12 گیندوں پر 23 سکور بنا کر چلتے بنے، محمد حسنین نے وکٹ حاصل کی، حیدر علی ایک مرتبہ پھر توجہ کا مرکز رہے انہوں نے 24 گیندوں پر 39 سکور بنا کر محمد حسنین کی گیند پر واٹسن کو کیچ تھما بیٹھے۔
پشاور زلمی کے سینئر بیٹسمین شعیب ملک نے طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے 27 گیندوں پر 54 رنز بنائے، انہوں نے آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا اور فاسٹ باؤلر محمد حسنین کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
دیگر بیٹسمینوں میں لیونگسٹون 12، ڈاسن 0، حسن 9 جبکہ گریگورے 19 رنز بنا کر نمایاں رہے، پشاور زلمی نے 15 اوورز میں 170 رنز بنائے، محمد حسنین نے چار شکار کیے۔ سہیل خان اور بین کٹنگ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے اننگز کا آغاز انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے جیسن روئے اور سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے کیا۔
گلیڈی ایٹرز کا آغاز ہی جارحانہ تھا، 4.4 اوورز میں جب سکور 45 پر پہنچا تو شین واٹسن 14 گیندوں پر 19 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، جیسن روئے نے 26 گیندوں پر 45 سکور بنائے، یاسر شاہ نے بولڈ کیا۔
احمد شہزاد کی اننگز 10 سے آگے نہ بڑھ سکی انہوں نے 17 گیندوں کا سامنا کیا اور وہاب ریاض کا نشانہ بن گئے، دیگر بیٹسمینوں میں بین کٹنگ 17، اعظم خان صفر، سرفراز احمد1، محمد نواز نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 7 وکٹوں پر 140 رنز بنا سکی، وہاب ریاض نے 3، راحت علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔