پی ایس ایل فائیو: پشاور زلمی نے ڈک ورتھ قانون کے تحت یونائیٹڈ کو ہرا دیا

Last Updated On 07 March,2020 05:58 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے 20 ویں میچ کے دوران پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ڈک ورتھ قانون کے تحت 7 رنز سے شکست دیدی۔

 

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے 20 ویں میچ کے دوران پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے اننگز کا آغاز نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے دونوں بیٹسمینوں لیوک رانچی اور کولن منرو نے کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنگ بلے باز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور پہلے اوور میں وکٹ گنوا بیٹھے، لیوک رانچی فاسٹ باؤلر راحت علی کی گیند پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، وہ صرف 6 رنز ہی بنا سکے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز رضوان حسین تھے، جو حسن علی کی گیند کا شکار بنے، وہ صرف 5 رنز ہی بنا سکے۔ کپتان شاداب خان اور کولن منرو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دیا، دونوں نے 67 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔

کولن منرو نے 35 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے جبکہ کپتان شاداب خان نے 42 گیندوں پر 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

کولن اننگرم نے بھی 41 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 195 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے 2، وہاب ریاض، راحت علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل اور امام الحق نے کیا۔

پشاور زلمی نے ابتداء سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔ تاہم امام الحق بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 44 کے مجموعی سکور پر 9 گیندوں پر 7 رنز بنا کر رومان رئیس کا نشانہ بن گئے۔

کامران اکمل کی اننگز 37 تک محدود رہی، وکٹ کیپر بیٹسمین ظفر گوہر کی گیند پر اونچا شاٹ مارنے کے چکر میں فہیم اشرف کو کیچ تھما بیٹھے۔ بینٹن نے 20 جبکہ 16 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

9 اوورز میں 85 رنز بنے تھے کہ بارش آ گئی جس کے بعد ڈک ورتھ قانون کے تحت وہاب ریاض الیون کو 7 رنز سے فاتح قرار دیدیا گیا۔

دوسری جانب پی سی بی نے بریسٹ کینسر سے آگاہی کیلئے آج ہونے والے دونوں میچز کو پنک ڈ ے سے منسوب کیا ہے، بریسٹ کینسر سے آگاہی کیلئے میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز بھی پنک ربن پہن کر مہم کا حصہ بنے۔