نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہا ہے کہ رواں سال ایشیا کپ کے انعقاد ہونا مشکل نظر آ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس پھیلنے کے سبب کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئی ہیں اور ایک کے بعد ایک سپورٹس ایونٹ منسوخ ہو رہے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ فائیو، انڈین پریمیئر لیگ سیزن 13، ٹوکیو اولمپکس 2020 اور اس طرح دیگر چھوٹے بڑے ایونٹ کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ کھیلوں کے تینوں بڑے ایونٹس کے بعد اب ایشیا کرکٹ کپ 2020 کے انعقاد کے بارے میں بھی شکوک و شبہات پیدا ہوگئے ہیں۔
بھارت کے کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایشیا کرکٹ کپ 2020 کے انعقاد کے بارے میں بھی شکوک و شبہات پیدا ہو گئے ہیں اور امکان ہے کہ شاید یہ ایونٹ بھی آئندہ برس تک کے لیے ملتوی کر دیا جائے۔
بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کے دوران بی سی سی آئی کے عہدیدار نے بتایا کہ امکان ہے کہ موجودہ حالات میں شاید ایشیا کرکٹ کپ 2020 رواں سال منعقد نہ ہو سکے۔
بی سی سی آئی کے عہدیدار کا یہ بھی کہنا تھا کہ کووڈ 19 سے معیشت پر تو برے اثرات مرتب ہوئے ہیں، کھیلوں کے منتظمین کو بھی اس سے شدید نقصان پہنچا ہے۔
عہدیدار کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی کو بہت سی مشکلات درپیش ہیں۔ جن سے نمٹنا بھی ایک چیلنج ہے۔
آئی اے این ایس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایشیا کپ 2020 کا میزبان ہے، اس نے رابطہ کرنے پر رواں سال ستمبر میں منعقد ہونے والے ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے حوالے سے زیادہ معلومات فراہم نہیں کیں۔
پی سی بی کے عہدیدار نے بتایا کہ ایشین کرکٹ کونسل کا اگلا اجلاس کب ہو گا اور ایشیا کپ سے متعلق کیا فیصلے ہوں گے، اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
بھارت کے وزیر برائے کھیل کرن رجیجو کے مطابق رواں سال اپریل کے وسط میں ہی انڈین پریمیر لیگ کے انعقاد کا حتمی فیصلہ متوقع ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلے کا اختیار صرف بی سی سی آئی کے پاس ہے۔
کرن کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت شہریوں کی حفاظت کو ترجیح دی جا رہی ہے اور حکومتی ہدایات پر سختی سے پابندی کی ضرورت ہے۔