لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ اور لیجنڈ فاسٹ باؤلر وقار یونس نے ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کی تعداد کے بعد ڈاکٹرز، نرسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام میڈیکل سٹاف جو اپنا اپنا کردار ادا کررہا ہے، وہ سب ہمارے ہیروز ہیں۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وقاریونس کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر کورونا وائرس کے بارے میں آگاہی مہم میں جولوگ بڑھ چڑھ کر آگے آرہے ہیں، ان سب کی قدر کرنی چاہیے۔ بہت خوشی ہوتی ہے جب ہر بندہ اس حوالے سے کچھ نہ کچھ حصہ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔ دوسری جانب ہمیں اس جنگ میں جو ہر اول دستے کا کردار ادا کررہے ہیں، ان کو سلام پیش کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے دوسروں کو بچانے کے لیے ڈاکٹر، نرسز اور تمام میڈیکل سٹاف جو اپنا اپنا کردار ادا کررہا ہے، وہ سب ہمارے ہیروز ہیں، ان لوگوں کی خدمات کو جتنا سراہا جائے، وہ کم ہے۔
Hats off to all the Doctors and Nurses around the World. We owe you guys BIG time! #ThankYou #COVIDー19 #PleaseStayAtHome pic.twitter.com/OnbOgIlm04
— Waqar Younis (@waqyounis99) March 27, 2020
سابق فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ ان کی حوصلہ افزائی کریں گے تو ان میں دوسروں کی مدد کا جذبہ مزید پیدا ہوگا۔ان کو حوصلہ ملے گا تو یہ کام کرتے چلتے جائیں گے، جس طرح ہمارے سارے فنکار، سیاست دان، سپورٹس مین اور دوسرے لوگ اس وبا کے خاتمے کے لیے اپنا کردار نبھارہے ہیں، یہ ہمارا ایمان ہے کہ ہم اس وباء سے جلد نجات پائیں گے۔
دریں اثناء وقار یونس کی اہلیہ فریال وقار ڈاکٹر ہیں اور ان دنوں پیدا ہونیوالی صورت حال میں وہ ایمرجنسی میں ڈیوٹی پر ہیں لیکن دنوں میاں بیوی بڑے باہمت ہیں اور مشکل وقت کو حوصلے کے ساتھ گزار رہے ہیں۔
وقار یونس کہتے ہیں کہ اس مشکل وقت میں ہم سب کو ہمت دکھانی ہے، ہمت دکھائے بغیر ہم اس وباء سے نجات نہیں پا سکتے، ہمیں ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھانا ہے اور اس وائرس سے نجات کے لیے آگاہی پیدا کرنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آگاہی پیدا کرنے کے لیے ہم سب کو آگے آنا ہے اور اس وائرس سے بچنے کے لیے احتیاط کی ضرورت ہے، احتیاط کے بارے میں ہر کسی کو بتانا ہے، وائرس کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے جو لوگ بھی آگے آرہے ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔
وقار یونس نے کہا ڈاکٹر فریال ایک باہمت خاتون ہیں، وہ ہمت نہیں ہارتیں، انہوں نے ڈومیسٹک اور پروفیشنل لائف کو یکساں اہمیت دی ہے اور کامیاب طریقے سے ایک ساتھ لیکر چل رہی ہیں، اس مشکل وقت میں بھی ڈاکٹر فریال ہمت دکھا رہی ہیں، میں ان کا معترف ہوں۔