کورونا وائرس: انگریزی بولنے والے بھی ٹھیک ٹھاک جاہل ہیں: نعمان اعجاز

Last Updated On 28 March,2020 10:36 am

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کے بعد متعدد ممالک میں شہری لاک ڈاؤن پر عمل نہیں کر رہے اور لوگوں کے رد عمل پر پاکستانی اداکار نعمان اعجاز نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

حال ہی میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے کیا بے نقاب کیا؟ اس نے یہ بات بے نقاب کی کہ میں ہمیشہ سے سمجھتا تھا کہ جہالت صرف پاکستان میں ہے، کیونکہ یہاں تعلیم کی کمی ہے لیکن جو بات اب سامنے آئی وہ یہ ہے کہ انگریزی بولنے والے بھی ٹھیک ٹھاک جاہل ہیں۔

اداکار کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ میں لاک ڈاؤن پر لوگوں نے جیسا ردعمل دیا، اٹلی میں اور امریکا میں بھی لاک ڈاؤن پر لوگوں کا ردعمل کچھ اچھا نہیں رہا اس سے بات ثابت ہوتی ہے کہ ان میں بھی تعلیم کی کمی ہے۔ خدا جلد کورونا وائرس سے پوری دنیا کو نجات دلائے۔

خیال رہے کہ اس عالمی وبا کے باعث صحت کی بگڑتی صورتحال کی وجہ سے کئی ممالک میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا ہے۔

تاہم مختلف مقامات پر ایسے مناظر بھی دیکھنے میں آئے جہاں لوگ پابندی کے باوجود گھروں سے نکلے جس کی وجہ سے یہ خدشہ بڑھ گیا کہ وائرس ایک سے دوسرے میں تیزی سے منتقل ہورہا ہے۔

اس سے قبل شیئر کردہ اپنی ایک ویڈیو میں نعمال اعجاز نے پاکستان کے طبی عملے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ 27 مارچ کو شام 6 بجے اپنے گھر کی چھت پر سفید رنگ کا جھنڈا لہرا کر تمام ڈاکٹرز اور نرسز کو خراج تحسین پیش کریں گے۔