کورونا وائرس: عالمی ادارہ صحت کا صارفین کیلئے ایپ متعارف کرانے کا اعلان

Last Updated On 27 March,2020 11:28 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر ویکسین کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں، اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت بھی اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پیش پیش ہے، اسی حوالے سے کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے پھیلاؤ کے پیشِ نظر عالمی ادارہ صحت سمارٹ فون صارفین کے لیے جلد معلوماتی ایپ متعارف کرائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور اب عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ایک ایسی ایپ بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جو کہ صارفین کو ناصرف کورونا وائرس سے بچاؤ سے متعلق معلومات فراہم کرے گی۔

ایپ سے صارفین دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد اور ہلاکتوں سے متعلق تمام تر اعدادو شمار کو جان سکیں گے۔

9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ایچ او اینڈرائڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے ایک ایسی ایپ بنا رہا ہے جو کہ کووڈ 19 سے متعلق تمام تر معلومات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔

رپورٹس کے مطابق ایپ کا ابتدائی ورژن 30 مارچ کو پیش کیا جائے گا جس میں عربی، چینی، انگریزی، فرینچ، اور ہسپانوہی زبان بھی شامل ہو گی۔

خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت ابھی کورونا وائرس سے متعلق تمام تر معلومات اپنی ویب سائٹ اور واٹس ایپ چیٹ بوٹ کے ذریعے فراہم کر رہا ہے۔