وفاقی حکومت کا ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ

Last Updated On 27 March,2020 09:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومتیں عوام کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائیں۔

وزیراعظم نے یہ اعلان سینئر صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے گڈز ٹرانسپورٹ پر پابندی ختم کرنے کے ساتھ ساتھ یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ کھانے پینے کی اشیا بنانے اور ان سے منسلک صنعتوں کو بھی کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے غریب طبقے کیلئے لاک ڈاؤن کی صورت میں مشکلات کا خدشہ تھا۔ تاہم ملک میں اشیائے ضروریہ کی قلت نہیں ہونی چاہیےکیونکہ ایسا ہوا تو ملک میں افراتفری ہو سکتی ہے۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی مال بردار گاڑی کو نہیں روکا جائے گا اور سامان کی نقل وحرکت کے لیے ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت ہوگی۔

اس موقع پر خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ گندم اور آٹے کی قلت وقتی ہے۔ اس وقت صرف پبلک سیکٹر میں 16 لاکھ ٹن گندم موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے گھبراہٹ میں زیادہ خریداری کی۔ امید ہے کہ چند روز میں آٹے کی قیمتیں اور سپلائی چین بہتر ہو جائے گی۔