پنجاب حکومت کا اشیائے ضروریہ کی دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 27 March,2020 07:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبے بھر میں کورونا وائرس کے سدباب کیلئے لاک ڈاؤن کو موثر بنانے کیلئے اشیائے ضروریہ کی تمام دکانیں صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس بات کا اعلان صوبائی وزیر راجہ بشارت نے پریس کانفرنس میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی چیز کی کوئی کمی نہیں، پنجاب میں اس وقت صورتحال معمول پر ہے۔

راجہ بشارت نے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں تمام اشیائے ضروریہ کی دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام دکانیں صبح 8 بجے سے شام 8 بجے تک کھلیں گی۔ اس کے بعد تمام دکانیں بند کر دی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس کے بڑھتے خطرات، حکومت پنجاب کا 14 دن کیلئے لاک ڈاؤن کا فیصلہ

خیال رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر حکومت پنجاب نے 23 مارچ کو صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

یہ اہم فیصلہ صوبائی کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اس بات کا اعلان وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے باضابطہ طور پر پریس کانفرنس میں کیا۔

اہم اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انسداد کرونا کیلئے ایک اہم اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلہ کیا گیا کہ 24 مارچ سے 6 اپریل تک صوبے بھر کے شاپنگ مالز، بازار، دکانیں، پارکس، ریسٹورینٹس اور ایسی عوامی اجتماعات والی تمام جگہیں بند ہونگی۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام سے التماس ہے کہ وہ ان 14 روز میں پولیس، قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں اور فوج کیساتھ تعاون کریں۔ 14 روز کیلئے سول اور فوجی ادارے احکامات پر عملدرآمد کے پابند ہونگے۔ عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صورتحال کے پیش نظر ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی تاہم فیلمیاں اس فیصلے سے مستثنیٰ ہونگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ لاک ڈاؤن کا مطلب کرفیو نہیں ہے۔ صوبے میں پہلے ہی دفعہ 144 نافذ ہے۔

یہ سوال کہ کیا لاک ڈاؤن کا دورانیہ بڑھایا بھی جا سکتا ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صورتحال کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے گا۔ اگر صورتحال بہتر رہی تو لاک ڈاؤن کو پہلے بھی ہٹایا جا سکتا ہے۔
 

Advertisement