اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کو جزوی لاک ڈاؤن کرتے ہوئے تمام مارکیٹیں اور ریسٹورینٹس بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام سرکاری دفاتر 10 بجے سے 4 بجے تک جبکہ جمعہ کے روز 10 بجے سے 1 بجے تک کھلے رہیں گے۔ اسلام آباد کے اندر اور دوسرے شہروں کی ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے میٹرو بس سروس دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میٹرو صبح ساڑھے 8 بجے سے ساڑھے 10 تک اور دن میں ساڑھے 3 سے ساڑھے 5 تک چلائی جائے گی۔
میٹرو بس میں مسافروں کی بیٹھنے کی ترتیب بدلتے ہوئے سیٹوں میں فاصلہ رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکسی اور کیب سروس کو قواعد وضوابط کے مطابق اجازت ہوگی۔
اس کے علاوہ ہر قسم کے مذہبی اور سماجی اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی۔ لنگر خانوں اور پناہ گاہوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز مکمل بند ہونگی تاہم ایمرجنسی کھلی رہیں گی۔