لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ یوسی سطح پر کرونا سے بچاؤ کی آگاہی مہم چلا رہے ہیں، احتیاط سے کرونا وائرس کا پھیلاؤ کم کیا جاسکتا ہے، مزدور طبقے کو ریلیف کیلئے حکومت لائحہ عمل طے کر رہی ہے۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ بزدار حکومت نے عوام کے وسیع تر مفاد میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا، گھر رہیں، محفوظ رہیں موبائل آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے، ہمارے ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر پیرا میڈیکل سٹاف خطِ اول پر کرونا کے خلاف جہاد کر رہے ہیں، کرونا وائرس کے خلاف جنگ پاکستان کے بقا کی جنگ ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں پی ٹی آئی دیگر سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، امید ہے اپوزیشن بھی حکومت کے ساتھ ملکر خدمت کی سیاست کرے گی۔