’کورونا برگر‘ کھائیں مہلک وباء کا ڈر بھگائیں

Last Updated On 28 March,2020 10:49 am

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے لوگوں کو خوف میں مبتلا کر رکھا ہے، سائنسدانوں نے بھی اس وائرس کے خاتمے کے لیے ویکسین بنانے کی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں،کورونا وائرس کے حوالے سے دلچسپ خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں، چند روز قبل بھارت میں ایک بچی پیدا ہوئی تھی جس کے بعد والدین نے بچی کا نام ’کورونا‘ رکھ دیا تھا اب ایک خبر ویتنام سے آئی ہے جہاں پر کورونا وائرس کے خوف کو دور کرنے کے لیے ایک شیف نے صارفین کو انوکھی پیشکش کردی ہے۔

ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی کے ایک شیف نے کورونا وائرس تھیم کے برگر کی پیشکش کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اگر کورونا وائرس کو شکست دینی ہے تو آپ کو یہ کھانا ہوگا۔

ہوانگ تنگ شیف کی ٹیم نے کورونا وائرس کی مائیکرواسکوپک تصویر کی طرح ایک برگر تیار کیا ہے جس کا نام  کورونا برگر  ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق شیف کا کہنا ہے کہ ہم نے لوگوں میں کورونا کا ڈر ختم کرنے اور ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کے لیے یہ برگر بنایا ہے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے ویتنام میں بھی تمام تر ریسٹورینٹس اور ہوٹل بند کیے جا چکے ہیں لیکن شیف ہوانگ تنگ یہ کورونا برگر ٹیک اوے سروس کے تحت فروخت کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ویتنام میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 150 کے قریب ہے جبکہ یہاں کورونا سے ایک بھی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔