کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی کو کرونا وائرس کے خلاف سر گرم پیرا میڈیکل اسٹاف کیلئے عارضی قیام گاہ میں تبدیل کر دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سندھ حکومت کی درخواست پر حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی کو پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے عارضی قیام گاہ بنا دیا ہے، اب ایکسپو سنٹر کراچی میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے قائم عارضی ہسپتال میں ذمہ داریاں نبھانے والا پیرا میڈیکل اسٹاف قیام کرے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ اس مشکل صورتحال میں اپنے فرائض منصبی ادا کرنے والے پیرا میڈیکل اسٹاف ہمارے ہیروز ہیں، انہوں نے کہا کہ اس شعبہ میں شامل تمام افراد اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر کرونا وائرس کے مرض میں مبتلا شہریوں کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔