کرونا وائرس: ہاتھوں کو اچھی طرح دھونے کیلئے سینیٹائزر کا استعمال کریں: شاہد آفریدی

Last Updated On 22 March,2020 10:33 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں بڑھتے ہوئے کرونا وائرس کیسز کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ہاتھوں کو اچھی طرح دھونے کے لیے سینیٹائزر کا استعمال کریں، یہ بہت ضروری ہے، چھینکتے اور کھانستے وقت ٹشو پیپر کا استعمال کریں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بڑھتے ہوئے کرونا وائرس کے کیسز کے بعد احتیاطی تدابیر کے پیغامات دینے کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی میدان میں آ گئے۔ احمد شہزاد، لیجنڈ فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کے بعد شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کرونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ویڈیو پیغام دیا۔

ویڈیو پیغام میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ صحت ہے تو سب کچھ ہے، کرونا وائرس کو شکست دینے کے لیے ہمیں کچھ چیزوں پر عمل کرنا ہو گا، چھینکتے وقت، نزلے کے وقت اور کھانسی کے وقت، کھانے سے پہلے، کھانے کے بعد اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح سے دھوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہاتھوں کو اچھی طرح دھونے کے لیے سینیٹائزر کا استعمال کریں، یہ بہت ضروری ہے، چھینکتے اور کھانستے وقت ٹشو پیپر کا استعمال کریں اور اسے ضائع کر دیں تاکہ میں محفوظ اور پاکستان محفوظ۔

اس سے قبل قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ آپ کے اہلخانہ اور دوست سب سے پہلے آتے ہیں، کرونا وائرس سے متعلق لہٰذا انہیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کریں۔

ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ چھینک، کھانسی، کھانے سے پہلے، کھانے کے بعد، ٹائلٹ استعمال کرنے کے بعد اچھی طرح اپنا ہاتھ دھوئیں اوراس کے لیے سینیٹائزر استعمال کریں۔ آیئے ہم سب مل کر کرونا وائرس کو شکست دیں۔

قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ براہ مہربانی صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں کیونکہ آپ کی معمولی سی احتیاط آپ کے گھر والوں اور دوستوں کے لیے بہتر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے پرہیز کریں، آئیں ہم سب مل کر کرونا وائرس کو شکست دیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ آپ کی صحت اور حفاظت سب سے اہم ہے، اور کرونا وائرس سے متعلق تھوڑی سی احتیاط آپ کو اور اہلخانہ کو اس موذی بیماری سے بچا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹشو پیپر اور رومال کو استعمال کے بعد فوری طور پر ضائع کر دیں، آئیں ہم سب مل کر کرونا وائرس کو شکست دیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹیسٹ بیٹسمین احمد شہزاد نے ویڈیو پیغام کے ذریعہ کہا تھا کہ عوام اپنی اور اپنے عزیزوں کی صحت کا خیال رکھیں۔ براہ مہربانی صاف رہیں اور بار بار اپنے ہاتھوں کو دھوئیں۔

ٹویٹر پر ’کوویڈ 2019ء‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹویٹ کرتے ہوئے احمد شہزاد نے لکھا کہ ہم اس جنگ میں سب متحد ہیں، ایک چھوٹا سا پیغام ہے یقین ہے جو مددگار ثابت ہوگا۔

فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ آپ کی معمولی سے احتیاط آپ کے گھر والوں اور دوستوں کے لیے بہت ضروری ہے۔ کھانے سے پہلے اور کھانے کے بعد ہاتھ صابن سے اچھی طرح دھوئیں اور سینیٹائزر کا استعمال کریں۔ ایک دوسرے سے بغلگیر ہونے اور ہاتھ ملانے سے پرہیز کریں۔

دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ویڈیو میں لیجنڈ فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ہم نے خود کو آئیسولیشن وارڈ میں رکھا ہوا ہے، ہم دونوں کہیں جا رہے ہیں اور نہ ہی کوئی ہمارے پاس آ رہا ہے۔

ٹویٹر پر ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد کرونا وائرس سے بچنے کا یہی بہترین طریقہ ہے۔ ہمارا مشورہ ہے کہ بیس سکینڈ تک اپنے ہاتھوں کو دھوئیں۔

اس دوران شنیرا اکرم نے بھی اظہار خیال کیا جس کا وسیم اکرم کا اُردو میں ترجمہ بتاتے ہوئے بتایا کہ ہجوم والی جگہوں پر جانے سے گریز کیا جائے جبکہ ایک دوسرے کا خاص خیال رکھیں۔