لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں کرونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 760 تک جا پہنچی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق اس وقت سندھ میں 333، پنجاب میں 225، بلوچستان میں 104، خیبر پختونخوا میں 31، اسلام آباد میں 11، گلگت بلتستان میں 55 اور آزاد کشمیر میں ایک مریض اس موذی مرض میں مبتلا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 41 کیسز منظر عام پر آنے کے بعد صوبے میں اس مرض میں مبتلا افراد کی مجموعی تعداد 333 ہو گئی ہے۔
ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق ان کیسز کے بعد کراچی میں متاثرہ افراد کی تعداد 123 ہو چکی ہے جن میں 77 مقامی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کرونا وائرس سے ابھی ایک شخص ہلاک اور 3 صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تفتان سے سکھر آنے والے زائرین کے کیسز اب 210 ہو چکے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی مریض 333 ہو گئے ہیں۔ اگر ملک کے اعدادوشمار پر نظر ڈالیں تو یہ تعداد 687 تک پہنچ چکی ہے۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ حکومت نے کرونا وائرس اور کلوروکوئین نامی دوا کے درمیان تعلق جاننے کیلئے ایک گروپ بنا دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ گروپ کرونا وائرس کے ممکنہ علاج کے لیے کلوروکوئین کے استعمال سے متعلق حکومت کو مزید آگاہ کرے گا۔
اس موقع پر مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف ؎نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ تمام بین الاقوامی آپریشنز معطل ہونے کے بعد سفر شروع نہ کریں اور جہاں ہیں وہیں رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی پروازوں کی معطلی سے آنے والی مشکلات کا فوری حل تلاش کرنے کے لیے حکومت ایئر لائنز اور دیگر ممالک کے حکام سے رابطے میں ہے۔