کرونا وائرس کیخلاف کردار کو سراہنے پر چین کا پاکستانی وزیراعظم اور آرمی چیف کا شکریہ

Last Updated On 23 March,2020 10:16 am

بیجنگ: (دنیا نیوز) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان ژاؤ نے کرونا وائرس کیخلاف چین کے کردار کو سراہنے پر وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان ژاؤ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے کہا کہ ہم وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کے شکر گزار ہیں۔ 

ترجمان لیجیان ژاؤ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان اور آرمی چیف نے کرونا وائرس کے خلاف چین کے کردار کو ذمہ دارانہ اور پرعزم قوم کے طور پر سراہا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستانیوں سے کہا کہ چین کے تجربات کی پیروی کریں۔ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کرونا کے خلاف جلد از جلد کامیاب ہو۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے اپنے ایک دوسرے ٹویٹ میں لکھا کہ امریکی محکمہ صحت نے تسلیم کر لیا ہے کہ کو وہ کرونا وائرس کے مریضوں کو زکام کا مریض سمجھتے رہے۔

 

انہوں نے کہا کہ امریکا میں 2019ء میں زکام سے 3 کروڑ 40 لاکھ افراد متاثر ہوئے جن میں سے 20 ہزار کی اموات ہوئی۔ اگر امریکا میں گزشتہ ستمبر میں کرونا وائرس کا آغاز ہو گیا تھا تو اب تک کتنے افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں؟ امریکا کو تحقیق کرنی چاہیے کہ کرونا وائرس کا پہلا مریض کب سامنے آیا تھا؟