پنجاب کابینہ کا غیرمعمولی اجلاس کل طلب، کرونا آرڈینس منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا

Last Updated On 23 March,2020 12:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کابینہ کا غیر معمولی اجلاس کل طلب کر لیا گیا ، کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کے لئے کرونا آرڈینس منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا، کرونا پر مزید اقدامات اور اس کے معاشی اثرات پر بھی کابینہ کو بریف کیا جائے گا۔

پنجاب کابینہ کا اجلاس 24 مارچ کو وزیراعلی عثمان بزدار کی زیرصدارت ہوگا، پنجاب کابینہ کے اجلاس کا 17 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا، کابینہ اجلاس میں کرونا آرڈیننس منظوری کے لئے پیش ہو گا، کابینہ میں وائرس کے سدباب کے لئے اقدامات پر بریفنگ ہو گی جبکہ وبا کے باعث معاشی اثرات پر بھی بریف کیاجائے گا۔

کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے محکمہ صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے اقدامات کی بھی منظوری دی گئی۔ چولستان، رحیم یار خان کی اسٹیٹ لینڈ کی لیز منظوری کا معاملہ بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ پنجاب شوگر فیکٹریز کنٹرول ایکٹ میں ترمیم کا بھی کابینہ جائزہ لے گی، بیت المال پنجاب کے ڈویژنل ڈائریکٹرز کو اختیارات کی منتقلی کا معاملہ بھی کابینہ کے زیر غور آئے گا۔ والڈ سٹی اتٰھارٹی لاہور کی پنجاب بھر میں توسیع کی منظوری بھی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کر لی گئی ہے۔

صوبائی محتسب کی سالانہ رپورٹ بھی منظوری کے لئے کابینہ کے سامنے رکھی جائے گی، پیپرا ایکٹ کے سیکشن چھ میں ترمیم کا معاملہ بھی کابینہ اجلاس میں زیرغور آئے گا، آن لائن کالج ایڈمشن سسٹم 2019 کی بھی کابینہ جائزہ لیکر منظوری دے گی جبکہ سرکاری ہائیر ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز میں اقلیتوں کے لئے دو فیصد کوٹہ کی منظوری کا معاملہ بھی ایجنڈے پر رکھ لیا گیا۔