مانچسٹر: (ویب ڈیسک) انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق مدفیلڈر مروان فیلانی میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔
مروان فیلانی ان دنوں چینی کلب شین ڈونگ کیساتھ وابستہ ہیں۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے خود تصدیق کی ہے کہ وہ اس موذی مرض میں مبتلا ہیں۔ فٹبالر نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ جلد صحتیاب ہوکر کھیل کے میدان میں اتریں گے۔
چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق مروان فیلانی ان دنوں کرونا وائرس کیخلاف طبی سہولتوں سے آراستہ جنین ہسپتال میں زیر علاج اور قرنطینہ میں ہیں۔
خیال رہے کہ یورپی ملک بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے فٹبالر مروان فیلانی چینی کلب کیساتھ معاہدے کے بعد 2019ء میں وہاں کھیلنے پہنچے تھے۔ انہوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ اور ایورٹون کیساتھ بھی گیارہ سیزن میں نمائندگی کی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیلانی حال ہی میں ٹریننگ کیلئے دوبارہ چین پہنچے تھے۔ کہا جا رہا ہے کہ وہ چینی فٹبال لیگ سے وابستہ پہلے کھلاڑی ہیں جن میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔