کوئٹہ: (دنیا نیوز) ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے قرنطینہ سینٹر میں مقیم 452 زائرین کو ٹیسٹ منفی آنے پر ان کے گھروں کو بھیج دیا ہے۔ صوبائی حکومت کرونا سے نمٹنے کےلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
یہ انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں کرونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو کرونا وائرس کا چیلنج درپیش ہے۔ حکومت کیساتھ عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ احتیاط اور سوشل ڈسٹینس ہی کرونا وائرس کا واحد حل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کے مسائل کے پیش نظر مکمل لاک ڈاؤن نہیں کر رہی ہے۔ کرونا کے تدارک کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کر رہی ہیں۔ وفاق صوبائی حکومت کو آلات فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نےکہا کہ کوئٹہ میں آج 24 شوروم اور 78 ریستورینٹس کو سیل کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام 10 دنوں کیلئے خود کو گھروں تک محدود رکھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خود آگاہی مہم چلا رہے ہیں۔ مخیر اور کاروباری حضرات غریبوں کا خیال رکھیں اور ان کے راشن کی ذمہ داری اٹھائیں۔ لاک ڈاؤن کے حوالے سے پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے کے لئے وفاق کو خط لکھا ہے۔ اب تک بلوچستان میں 104 افراد کرونا سے متاثر ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 1450 افراد کیلئے ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے۔ آئندہ چند روز میں 9600 افراد کیلئے ٹیسٹ کٹس آ جائیں گی۔