’دنیا کے مختلف ائیرپورٹس پر پھنسے پاکستانیوں کے معاملے پر کام کر رہے ہیں‘

Last Updated On 22 March,2020 06:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دنیا کے مختلف ائیرپورٹس پر پھنسے پاکستانیوں کے معاملے پر کام کر رہے ہیں۔ ہوائی اڈے پر محصور 54 شہریوں کی ملائیشیا میں دوبارہ انٹری کر دی گئی ہے۔

ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا کہ دفتر خارجہ مختلف ممالک میں موجود اپنے مشنز سے رپورٹس لے رہا ہے۔ کوالالمپور میں پاکستانی سفارت خانے کے مطابق ائیرپورٹ پر پھنسے 54 پاکستانیوں کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ تمام مسافروں کی امیگریشن ہو چکی تھی، مگر ائیر لائن نے بورڈنگ سے انکار کر دیا تھا۔ تعاون کرنے پر ملائیشیا کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تھائی لینڈ میں پاکستانی سفیر کے مطابق بینکاک میں پھنسے 50 پاکستانیوں کی دوبارہ انٹری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ بینکاک اور دوحہ ایئرپورٹ پر پاکستانی محصور ہو چکے ہیں۔ قطر حکام نے لندن سے براستہ دوحہ آنے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ لے لیے ہیں۔ محصورین نے پاکستانی حکومت سے مدد کی اپیل کر دی ہے۔ بیرون ملک محصور ہونے والے پاکستانیوں میں انٹرنیشنل ہاکی سٹار افشاں نورین بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق بینکاک اور دوحہ میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے حکومت نے پی آئی اے حکام سے رابطہ کرتے ہوئے ممکنہ خصوصی آپریشن کے حوالے سے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ پی آئی اے حکام کی جانب سے خصوصی فضائی آپریشن کے لیے ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو رابطوں کے بعد وطن واپس لانے کےلیے پروازیں چلائی جا سکتی ہیں۔

 

Advertisement