کرونا وائرس کا خاتمہ کس طرح کرنا ہے؟ شہباز شریف میدان میں آ گئے

Last Updated On 22 March,2020 10:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف وزیراعظم کو خط لکھ کر مہلک وائرس کے خلاف خدمات پیش کریں گے۔ شریف گروپ کے ہسپتال بھی قرنطینہ کے طور پر استعمال کرنے کی آفر کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کے زیر صدارت کرونا وائرس کے حوالے سے ویڈیو لنک پر اجلاس ہوا جس میں پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہباز شریف وزیراعظم کو خط میں کرونا کے خلاف پارٹی تجاویز پیش کریں گے۔

سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اجلاس میں تجویز پیش کی کہ حکومت کرونا وائرس کے خاتمے کے لئے نیشنل ٹاسک فورس بنائے۔ شہباز شریف پیر کے روز ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

اس سے قبل سپیکر قومی اسمبلی نے قائد حزب اختلاف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں متحد ہو کر کرونا وائرس کے خلاف کوششوں پر بات چیت کی گئی۔

اسد قیصر نے وطن پہنچنے پر شہباز شریف سے رابطہ کیا اور مشکل کی اس گھڑی میں تمام سیاسی قیادت کے ساتھ مل کر کرونا وائرس کے خلاف جدوجہد کرنے کے جذبے کو سراہا۔

سپیکر نے کرونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی کے قیام سے متعلق اپوزیشن لیڈر کو آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ کرونا وائرس عالمی وبا ہے، اس سے نمٹنے کے لیے ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنے کی ضرورت ہے۔
 

Advertisement