لاہور: (دنیا نیوز) فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ پیسوں کیلئے ریڈ بال کرکٹ سے الگ نہیں ہوا، ہو سکتا ہے سینٹرل کنٹریکٹ میں نہ رکھنا ٹیسٹ کرکٹ نہ کھیلنے کی مثال بنایا گیا ہو یا پھر نوجوانوں کو ترجیح دی گئی ہو، آئی سی سی کو بال چمکانے کیلئے کوئی متبادل حربہ اختیار کرنا ہو گا۔
سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر ہونے والے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کہتے ہیں کہ ہمیشہ ملک کیلئے کھیلا ہوں سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے نہیں، غلط تاثر دیا جارہا ہے کہ عامر اور میں پیسوں کیلئے ٹیسٹ کرکٹ سے الگ ہوئے لیکن ہمیشہ پاکستان کو فوقیت دی۔ سینٹرل کنٹریکٹ سے نکالنے کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔
وہاب ریاض نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل نہ ہونا ریڈ بال سے علیحدگی ہو یا پھر نوجوانوں کو موقع دیا گیا ہو، 2017 سے ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں، اب ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کیلئے کوئی پلان نہیں ہے۔
گیند پر تھوک لگانے کے حوالے سے وہاب ریاض نے کہا کہ گیند نہ چمکانے سے باؤلرز کو مشکل ہوگی، کھلاڑیوں کے تحفظ کیلئے کوئی متبادل چیز دینی چاہیئے، باؤلر سوئنگ نہیں کرسکے گا تو کیا کرے گا۔
وہاب ریاض نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے گراؤنڈ میں کھلاڑیوں کے ساتھ جشن منانا کوئی مسئلہ نہیں، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی جیسے سٹائل سے جشن منانا شاندار رہے گا۔