محمد عامر اور حارث سہیل نے دورہ انگلینڈ سے معذرت کر لی

Last Updated On 13 June,2020 10:01 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے قومی ٹیم کے ہمراہ ڈاکٹر انگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ فاسٹ باؤلر محمد عامر اور بیٹسمین حارث سہیل نے ٹور سے معذرت کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق موجودہ حساس صورتحال میں ٹیم منجمنٹ میں ڈاکٹر کی شمولیت ضروری قرار دی گئی جس کے بعد انگلینڈ کے دورے کے دوران ڈاکٹرز بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹیم نے انگلینڈ میں کم از کم 10 ہفتے گزارنا ہیں، انگلینڈ جانے والے کھلاڑیوں کے علاوہ سکواڈ میں بھی 40 افراد ہو سکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طویل دورے، زیادہ لوگوں اور کورونا کی حساس صورتحال میں دستے کے ہمراہ ڈاکٹر ضروری قرار دیا گیا، پی سی بی میڈیکل شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم ٹیم منجمنٹ میں شامل ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے سکواڈ 25 یا زائد کھلاڑی ہوں گے، انگلینڈ کرکٹ حکام سے ٹیلی کانفرنس میں فیصلہ ہو گا۔ ٹیلی کانفرنس میں ہی پاکستان ٹیم کے انگلینڈ جانے کی تاریخوں پر بات ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے انگلینڈ سے جولائی کے اوائل سے پہلے وہاں پہنچے کی درخواست کی ہوئی ہے، قومی سلیکشن کمیٹی ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت کرے گی۔ جس کے لیے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کوچز کے ساتھ مشاورت مکمل کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق سلیکٹرز کے ساتھ مشاورت کے بعد ممکنہ کھلاڑیوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق ویڈیو لنک پر سلیکٹرز سے مشاورت کریں گے۔

دوسری طرف محمد عامر اور حارث سہیل نے دورۂ انگلینڈ کے لیے دستیابی سے معذرت کرلی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر اور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل نے نجی مصروفیات کی بناء پر دورہ انگلینڈ پر روانگی سے معذرت کرلی ہے۔ محمد عامر نے اگست میں اپنے بچے کی پیدائش اور حارث سہیل نے فیملی وجوہات کی بناء پر دورے سے معذرت کی ہے۔