لاہور: (ویب ڈیسک) راولپنڈی میں کھیلے جانے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے 30 ویں میچ میں سدرن پنجاب نے بلوچستان کا 162 رنز کا ہدف ہنستے کھیلتے ہوئے پورا کر لیا اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان ے پہلے کھیلتے ہوئے 161 رنز بنائے، امام الحق 48 سکور بنا کر نمایاں رہے، انہوں نے اپنی اننگز میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے، بسم اللہ خان 41، اکبر الرحمن 37، حارث سہیل 24 سکور بنا کر پویلین لوٹے۔ محمد عمران نے دو جبکہ زاہد محمود، محمد الیاس اور عامر یامین کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب نے شروع سے ہی جارحانہ اپنایا اور سکور ہنستے کھیلتے ہوئے پورا کر لیا، چھٹے اوور میں 81 کے مجموعی سکور پر ذیشان اشرف آؤٹ ہوئے جنہوں نے 10 گیندوں پر 21 رنز بنائے، اسی دوران صہیب مقصود نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی تیز ترین نصف سنچری داغی اور 29 گیندوں پر 81 رنز بنا کر تاج ولی کا نشانہ بن گئے، بیٹسمین نے 13 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔
ایونٹ میں تیز ترین سنچری بنانے والے خوشدل شاہ 8 سکور بنا کر پویلین لوٹے، عامر یامین نے 9 گیندوں پر 33 اور حسین طلعت نے 11 گیندوں پر 20 سکور بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
سدرن پنجاب نے ہدف 11 ویں اوورز میں حاصل کر لیا۔ عماد بٹ نے دو کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، تاج ولی کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
میچ میں کامیابی کے بعد سدرن پنجاب نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے، 162 رنز کا ہدف 12.5 اوورز میں پورا کرنا تھا تاہم شان مسعود الیون نے ہدف 11 ویں میں مکمل کر لیا۔