وقار یونس کو کھلاڑیوں کی دماغی صحت کے ایشوز کا خدشہ

Published On 17 October,2020 09:16 am

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے کھلاڑیوں کی دماغی صحت کے ایشوز کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بائیو سکیور ببل میں کھیلنا آسان نہیں، اگر کووڈ 19 لمبا وقت لے گیا تو کھلاڑیوں کیلئے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، موجودہ صورتحال سے کیسے نمٹنا ہے اور اگر کووڈ 19 طویل ہوتا ہے تو کیا حکمت عملی بنانی چاہیے، اس بارے بورڈ حکام سوچ رہے ہونگے۔

ایک انٹرویو میں وقار یونس نے کہا کہ ہمارے کرکٹرز نے انٹر نیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ بائیو سکیور ببل میں کھیلی ہے، آئسولیشن میں رہنا اور کراؤڈ کا نہ ہونا مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ باؤلنگ کوچ نے کہا کہ یہ صرف پاکستان اور انگلینڈ کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ ساری دنیا کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انگلینڈ جانے سے قبل حارث سہیل نے جانے سے منع کر دیا تھا، وہ ٹیسٹ ٹیم میں شامل تھے، میں سمجھتا ہوں کہ اگر کوئی کھلاڑی دستبردار ہونا چاہتا ہے تو اس کے فیصلے کو احترام دینا چاہیے، اسی طرح ابھی جوفرا آرچر نے اعلان کیا کہ وہ مزید بائیو سکیور ببل میں نہیں رہنا چاہتے تو سمجھ آتی ہے کہ انہوں نے ایسا کیوں کہا ہے۔