کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ 2020ء کے پہلے پلے آف مقابلے میں سپر اوور میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
کراچی کنگز نے سپر اوور میں 13 رنز بنائے۔ ردر فورڈز نے 11، شرجیل نے ایک رنز بنایا۔ سہیل تنویر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
کراچی کنگز کے محمد عامر کی شاندار باؤلنگ کی بدولت ملتان سلطانز ہدف کے تعاقب میں 9 رنز بنا سکی۔
اس سے قبل پاکستان سپر لیگ فائیو کے پہلے پلے آف میچ کے دوران کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ جو درست ثابت ہوا۔
ملتان سلطانز کی پوری ٹیم مقررہ اوورز میں141 رنز بناسکی۔ روی بوپارہ 40 رنز بنا کر نمایاں رہے، سہیل تنویر نے 25 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ ذیشان اشرف 21، لائتھ 9، کپتان شان مسعود 3، ریلی روسو 5، خوش دل شاہ 17، شاہد آفریدی 12 رنز بنا سکے۔
کراچی کنگز کی طرف سے وقاص مقصود اور ارشد اقبال نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ عماد وسیم نے ایک شکار کیا۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی طرف سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور شرجیل خان نے کیا۔ تاہم شرجیل خان 19 رنز کے مجموعی سکور پر 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں الیکس ہیلز 22 ا ور افتخار احمد 13، بابر اعظم 65، والٹن 2، ردرفورڈ 1، وین پارنل 1 رنز بنا سکے۔
آخری اوور کی آخری گیند پر عماد وسیم نے فاسٹ باؤلر محمد الیاس کو چوکا لگا کر سکور برابر کر دیا۔ سہیل تنویر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ محمد الیاس، شاہد آفریدی اور عمران طاہر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔