شاہد آفریدی سپر سٹار کھلاڑی، آؤٹ کرنے کے بعد ہاتھ جوڑ کر ان کو عزت دی: حارث رؤف

Published On 16 November,2020 09:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حارث رؤف کا کہنا ہے کہ شاہد خان آفریدی ہمارے ملک کے سپر سٹار ہیں، انہوں نے اپنی کارکردگی سے پاکستانی ٹیم کو بہت سے میچ جتوائے، اس لئے ان کو عزت دینا ضروری تھا۔

لاہور قلندرز ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے میڈیا سے گفتگو میں شاہد آفریدی کو بولڈ کرنے کے بعد ان سے معافی مانگنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ وکٹ لینے کے بعد میرا انداز بہت جارحانہ ہوتا ہے لیکن جب میں نے شاہد آفریدی کو آؤٹ کیا تو میں نے ان کو عزت دینے کیلئے اپنے ہاتھ جوڑے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے شاہد آفریدی کو آؤٹ کرکے ان سے معافی نہیں مانگی لیکن ان کو عزت دینے کیلئے میں نے یہ طریقہ اختیار کیا۔ میرے دل میں ان کے لئے بہت ریسپیکٹ ہے۔

دوسری جانب لیجنڈ بلے باز شاہد خان آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں حارث رؤف کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یارکر کھیلنا ناممکن تھا، اگلی بار گیند تھوڑی آہستہ کرانا۔

شاہد آفریدی نے لاہور قلندرز کی ٹیم کو فائنل میں رسائی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بڑے مقابلے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ملتان سلطانز کے مداحوں کا بھرپور سپورٹ کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

 

 

Advertisement