لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم دورہ نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہو گئی، کھلاڑی کرائسٹ چرچ میں آئسولیشن کی مدت گزاریں گے، فخر زمان بخار کی علامات ظاہر ہونے پر اسکواڈ سے باہر ہو گئے۔
قومی کرکٹ ٹیم اور میزبان ٹیم کے درمیان پہلا ٹی 20 اٹھارہ دسمبر کو ایڈن پارک، آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا میچ 20 دسمبر کو سیڈن پارک ہملٹن میں ہو گا، تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 22 دسمبر کو مکلین پارک، نیپئر میں کھیلا جائے گا۔ بعد ازاں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔
قومی اسکواڈ گزشتہ شب 3 بجے لاہور سے نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوا، فخر زمان کو بخار کی علامات ظاہر ہوئیں جس کے بعد ان کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا، ٹیم مینجمنٹ نے فخر زمان کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر دورہ نیوزی لینڈ کے اسکواڈ سے باہر کر دیا۔
پاکستانی سکواڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہین کی دو ٹیموں کے 35 کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ اور سپورٹ سٹاف کے بیس اراکین شامل ہیں۔ سکواڈ میں شامل کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہین دونوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔
پاکستان شاہین کے دورہ نیوزی لینڈ کی مکمل تفصیلات نیوزی لینڈ کرکٹ جلد جاری کردے گا۔ قومی سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان ٹیسٹ کرکٹ)، شاداب خان (نائب کپتان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل)، اظہر علی، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، محمد حفیظ، فواد عالم،عابد علی، عبداللہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، ذیشان ملک، دانش عزیز، حیدر علی، حارث سہیل، حسین طلعت، عمران بٹ، افتخار احمد، خوشدل شاہ، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، عماد وسیم، یاسر شاہ، عثمان قادر، ظفر گوہر، عماد بٹ، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد عباس، محمد حسنین، محمد موسیٰ، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔