آکلینڈ: پہلا ٹی 20، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹ سے شکست دے دی

Published On 18 December,2020 08:30 am

آکلینڈ: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔ کیویز نے 154 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کیا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 20 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

 نیوزی لینڈ نے پر اعتماد انداز میں کھیلتے ہوئے پاکستان کا 154 رنز کا ہدف با آسانی 19 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ کیویز کی طرف سے ٹم سیفرٹ 57 رنز بنا کر نمایاں رہے، گلین فلپس 23 جبکہ مارک چیپمین نے 34 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3 اور شاہین آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

کیویز کے دیس میں پاکستان کے بلے بازوں نے مایوس کن کھیل کا آغاز کیا، پاکستان کے ٹاپ آرڈر اچھی کا رکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے، محمد حفیظ اور عبداللہ شفیق صفر پر پویلین واپس لوٹے۔ محمد رضوان 17 جبکہ حیدر علی صرف 3 رنز ہی بنا سکے۔

کپتان شاداب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دیا اور عماد وسیم کے ساتھ 40 رنز کی شراکت داری قائم کی، عماد وسیم 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاداب خان 42 رنز بنا کر پویلین لوٹے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 2 چوکے بھی شامل تھے۔ آل راؤنڈر فہیم اشرف نے جارحانہ انداز میں بٹینگ کرتے ہوئے 18 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے۔ کیویز کی جانب سے جیکب ڈفی نے 4 جبکہ کوگلیجن نے 3 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

 یاد رہے پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سب سے زیادہ سکور 201 ہے۔ یہ میچ قومی ٹیم نے 48 رنز سے 2018 میں جیتا تھا۔ قومی ٹیم کا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں سب سے کم سکور 101 ہے۔ اس میچ میں پاکستان کو 95 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

Advertisement