لاہور: (دنیا نیوز) دورہ نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے کھلاڑیوں کے نام سامنے آ گئے ہیں۔ ٹیم انتظامیہ نے ان چھ کھلاڑیوں کو سیلف آئسولیشن پر بھیج دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کا شکار کھلاڑیوں میں سابق کپتان سرفراز احمد، روحیل نذیر، نسیم شاہ، دانش عزیز، عابد علی اور محمد عباس شامل ہیں۔ لاہور سے روانگی کے وقت تمام پاکستانی سکواڈ میں شامل ارکان کے ٹیسٹ منفی آئے تھے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کیویز بورڈ کے قوانین کے مطابق مثبت آنے والوں کے نام نہیں بتا سکتے۔ ہم میزبان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دورہ نیوزی لینڈ، پاکستانی اسکواڈ میں شامل 6 ارکان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آ گئے
وسیم خان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں قوانین سخت ہیں، کھلاڑی قرنطینہ میں رہ کر سخت حالات برداشت کر لیں، پھر گھومنے پھرنے کی آزادی ملے گی۔ ایس او پیز پرعمل نہ کیا تو نیوزی لینڈ حکومت واپس بھیج دے گی۔
پاکستان سکواڈ کے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ پہنچنے کے بعد کرائسٹ چرچ میں پہلی ٹیسٹنگ بدھ کو ہوئی تھی۔ نیوزی کرکٹ بورڈ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کھلاڑیوں کی جانب سے کویڈ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔
نیوزی کرکٹ بورڈ کے مطابق میں سے دو کو پہلے بھی کورونا ہو چکا ہے۔ متاثرہ کھلاڑیوں کو اپنے اپنے کمروں میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔