2020ء میں بنگلہ دیش کیخلاف دوسرا ٹیسٹ، نیدرلینڈ اور آئرلینڈ کیخلاف سیریز منسوخ ہوئیں

Published On 31 December,2020 10:37 am

لاہور: (دنیا نیوز) 2020ء میں کرکٹ کیلنڈر بھی متاثر ہوا، بنگلہ دیش کے خلاف دوسرا ٹیسٹ، نیدرلینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف سیریز منسوخ ہوئیں، پاکستان نے انگلینڈ کا دورہ کیا اور زمبابوے ٹیم کی میزبانی کی، پی ایس ایل فائیو دو مراحل میں مکمل ہوئی، پی سی بی میں اکھاڑ پچھاڑچلتی رہی۔

2020ء پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے کوئی بڑی خوشخبری نہ لا سکا، کورونا وباء کے باعث پاکستان سپر لیگ کو دو مراحل میں مکمل کیا گیا،
کراچی کنگز پی ایس ایل فائیوکی فاتح ٹھہری۔

بنگلہ دیش کی ٹیم ایک ٹیسٹ میچ کے لئے فروری میں پاکستان آئی، اکلوتے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے بآسانی اننگز اور44 رنز سے کامیابی سمیٹی۔
اپریل میں شیڈول دوسرا ٹیسٹ اور سیریز کا واحد ون ڈے کورونا کی نذر ہو گیا جبکہ جولائی میں شیڈول نیدرز لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز اور
آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کورونا کے باعث منسوخ کرنا پڑی۔

پاکستان ٹیم اگست اور ستمبر میں انگلینڈ کی مہمان بنی اور تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلی۔ انگلینڈ نے ٹیسٹ سیریز ایک صفر سے اپنے نام کی جبکہ ٹی ٹونٹی سیریز ایک ایک سے برابر رہی۔

اکتوبر اور نومبر میں پاکستان، زمبابوے کرکٹ ٹیم کا میزبان بنا۔ قومی ٹیم نے ون ڈے سیریز دو، ایک سے اپنے نام کی۔ قومی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے دورہ پر ہے، گرین شرٹس کو تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں میزبان ٹیم کے ہاتھوں شکست کا مزہ چکھنا پڑا۔

2020ء میں ہی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی سے بابراعظم کے ہاتھوں میں چلی گئی جبکہ ٹیم انتظامیہ سے دل برداشتہ مایہ ناز فاسٹ باؤلر محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا اور سمیع اسلم بھی کرکٹ کو الوداع کہتے ہوئے امریکا چل دئیے۔

شائقین کرکٹ نے مینجمنٹ اور قومی ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کہتے ہیں، 2020 مشکل ہونے کے باوجود پاکستان نے کئی ٹیموں کی میزبانی کی۔ امید ہے 2021 ملکی کرکٹ کا بہترین سال ہوگا۔

2020 ءمیں ہی ہیڈ کوچ مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑا، ان کی جگہ محمد وسیم نے لی جبکہ پی سی بی نے سلیم یوسف کو کرکٹ کمیٹی کی سربراہی سونپ دی۔

2020 میں شائقین کرکٹ انٹر نیشنل میچز کو ترستے رہے لیکن امید موجود ہے کہ حالات کی بہتری سے جنوری میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کے دورہ پاکستان سے کرکٹ کے میدان پھر سے آباد ہوں گے۔
 

Advertisement