پاکستان میں خود کو مکمل طور پر محفوظ تصور کررہا ہوں: ربادا

Published On 20 January,2021 05:11 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پروٹیز فاسٹ باﺅلر کگیسو ربادا نے کہا ہے کہ ٹیم میں واپس آکر بہت اچھا لگ رہا ہے، پاکستان میں خود کو مکمل طور پر محفوظ محسوس کر رہا ہوں تاہم ٹیسٹ سیریز کے دوران سٹیڈیم میں شائقین کی کمی محسوس ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 26 جنوری سے کراچی میں شروع ہوگا۔

25 سالہ جنوبی افریقی فاسٹ باﺅلر کگیسو ربادا نے ویڈیو پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انجری سے صحتیاب ہونے کے بعد پہلے سے بہتر محسوس کررہا ہوں، ٹیسٹ کرکٹ میرا فیورٹ فارمیٹ ہے اور اس میں چیلنجز کا سامنا کرنا اچھا لگتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہماری سکیورٹی کیلئے اچھے انتظامات کئے ہیں، پاکستان میں خود کو مکمل طور پر محفوظ تصور کررہا ہوں، کورونا کے حالات میں کرکٹ میچز کا جاری رہنا خوش آئند ہے۔

فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلنے کا موقع ملا تو 100 فیصد کارکردگی دکھاؤں گا، پاکستان ہوم گراؤنڈ پرمضبوط ٹیم ہے، ٹیسٹ سیریزکی ٹرافی جیت کروطن واپس لوٹنا چاہتے ہیں، ہماری ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریزمیں ریورس سوئنگ اہم کردار ادا کرے گی۔