ایک اور پاکستانی کرکٹر نے دلبرداشتہ ہو کر امریکا منتقل ہونے پر غور شروع کر دیا

Published On 18 January,2021 04:48 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ایک اور کرکٹر احسان عادل نے دلبرداشتہ ہو کر امریکا منتقل ہونے پر غور شروع کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 27 سالہ فاسٹ بائولر احسان عادل کا امریکی کرکٹ ایسوسی ایشن سے رابطہ ہوا ہے اور انہوں نے امریکا منتقلی کا فیصلہ کرنے کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔

احسان عادل کا کہنا تھا کہ انہوں نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن پھر بھی انہیں قومی ٹیم میں مواقع نہیں مل رہے اور اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو وہ لیگ کرکٹ کھیلنے کے لیے امریکا منتقل ہوجائیں گے۔

یاد رہے کہ احسان عادل نے 2013ء سے 2015ء کے دوران 3 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کررکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ نیوزی لینڈ میں شامل نہ ہونے والے سمیع اسلم مستقل امریکا منتقل ہو گئے

خیال رہے کہ قومی ٹیم کے اوپنر سمیع اسلم پاکستان چھوڑ کر امریکا منتقل ہوگئے ہیں۔ جہاں پر انہوں نے کہا کہ تھا کہ قومی ٹیم میں واپسی کی امیدیں ختم ہوتی دیکھ کر امریکا میں بسنے کا فیصلہ کیا، افسوس ہے کہ قومی ٹیم میں انہیں موقع نہیں مل رہا اور ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے کے باوجود ان پر دوسرے کھلاڑیوں کو ترجیح دی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں سامنے آنے والے ٹیلنٹ محمد عرفان جونیئر نے دلبرداشتہ ہوکر آسٹریلیا کو اپنا نیا گھر بنالیا تھا۔

نوجوان فاسٹ بولر محمد عرفان جونیئر نے سڈنی کے ویسٹرن سوبرب کرکٹ کلب جوائن کرلیا، وہ نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ میں سدرن پنجاب کی فرسٹ الیون میں شامل نہ ہونے پر افسردہ تھے۔

ویسٹرن سوبرب کرکٹ کلب نے سوشل میڈیا پرعرفان کی شمولیت کی خبر دیتے ہوئے لکھا کہ عرفان نے کلب کے ساتھ لانگ ٹرم معاہدہ کرتے ہوئے سڈنی کو اپنا نیا گھر بنالیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلسل نظر انداز جنید خان نے پاکستان سے منتقل ہونے کی تیاریاں شروع کر دیں

محمد عرفان جونیئر کا کہنا تھا کہ میری فرسٹ الیون میں جگہ بنتی تھی، سلیکٹرز نے من مانی کر کے اپنے لڑکوں کو شامل کیا، میں نے پی ایس ایل میں بھی پرفارمنس دی، گزشتہ سیزن میں بھی میری پرفارمنس شاندار رہی لیکن مجھے سیکنڈ الیون میں ڈال دیا گیا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ننکانہ صاحب میں پیدا ہونے والے 25 سالہ فاسٹ بولر اب تک22 فرسٹ کلاس میچوں میں 80 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، انہیں پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز، ملتان سلطانز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیموں کی نمائندگی کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے عرفان جونیئر کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ چھوڑنے کے فیصلے پر افسردگی کا اظہار کیا تھا۔

Advertisement